نیشنل کانفرنس کا مرحوم غلام نبی ڈار کوبرسی پر خراج عقیدت پارٹی قیادت کو کولگام جانے کی اجازت نہیں دی گئی

 

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے انتظامیہ کی طرف سے پارٹی قیادت کو کولگام میں پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کی برسی پر شرکت سے روکنے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ حکمران جماعت کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہیں لیکن جب نیشنل کانفرنس کا کوئی پروگرام ہوتا ہے تو مختلف ہیلے بہانے بنا کر سبوتاژ کرنے کے حربے اپنائے جاتے ہیں۔ ایک بیان میں پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کو خراج عقیدت کی تقریب کے سلسلے میں پارٹی نے 10دن پہلے انتظامیہ سے اجازت طلب کی تھی اور پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، سکینہ ایتو، حسنین مسعودی اور دیگر سرکردہ لیڈران کی شرکت متوقع تھی لیکن کل شام دیر گئے انتظامیہ نے پروگرام منسوخ کرنے کیلئے کہا اور پارٹی لیڈران کویہاں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

 

ادھر پارٹی کے مقامی لیڈران نے ژولگام کولگام میں پارٹی لیڈرمرحوم غلام نبی ڈار کی برسی پر انہیںخراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں پارٹی کے جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، صفدر علی خان، ایڈوکٹ عبدالرحمن تاتنرے، چیئرمین میونسپل کونسل منیب زرگر اور بلاک صدور نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خراج عقیدت کی تقریب کو ٹیلی فون کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے انہیں پارٹی کے مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اجازت تک نہیں دی ۔ ڈاکٹر فارروق عبداللہ نے ایڈوکیٹ ڈار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیری عوام کے جذبات اور اپنی جماعت کی سربلندی کیلئے اپنی قیمتی جان قربان کردی۔