نیشنل کانفرنس اوربھاجپا میں خفیہ اتحاد سرینگر میئر کا ڈپٹی میئرپررشوت ستانی کا الزام

بلال فرقانی

سرینگر// سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متونے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس اوربھاجپا ایک خفیہ اتحاد میں ہیں اور کچھ بلدیاتی نمائندے چاہتے ہیں کہ وہ غیر قانونی دستاویزات پر دستخط کریں اور غیر قانونی تعمیرات کی بھی اجازت دیں۔ میونسپل پارک میں واقع کارپوریشن کے دفتر پر سابق ڈپٹی میئر شیخ عمران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنید متو نے کہا کہ کچھ کارپوریٹر انہیں غیر قانونی دستاویزات پر دستخط کرنے اور شہر کے اندر غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت دینے پر مجبور کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ’’ان نمائندوں کا ماننا ہے کہ، ہمارے اختلافات تب ہی ختم ہوں گے جب میں دستاویزات پر دستخط کروں اور غیر قانونی تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت دوں۔‘‘ متونے مزید کہا کہ حکومت نے کہا تھا کہ خاندانی راج کو ختم کر دیا جائے گا، تاہم انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا’’رشوت خوری میں ملوث نیشنل کانفرنس لیڈروں کو کھلے عام دندانے پھر رہے ہیں‘‘۔ ایس ایم سی کے میئر نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس کا بی جے پی کے ساتھ خفیہ اتحاد ہے تو وہ اس سلسلے میں کھلا اعلان کیوں نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نیشنل کانفرنس کشمیر میں تبدیلی کا راستہ ہے تو ہم سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔متو نے الزام لگایا کہ موجودہ ڈپٹی میئررشوت ستانی میں ملوث ہیں کیونکہ انہوں نے اب تک لوگوں سے ایک کروڑ روپے لے لئے ہیں اوراس سلسلے میں پولیس کو کافی ثبوت دیے گئے ہیں، لیکن، وہ نہیں جانتے کہ کن وجوہات کی بنا پر کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔