نہرو مارکیٹ سے885کلو گرام خشخاش کیساتھ 2 گرفتار رام سو میں بھی ٹرک سے275 کلو گرام خشخاش ضبط،2دھر لئے گئے

جموں//اینٹی نارکوٹک ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے نہرو مارکیٹ میں 885.55 کلو گرام خشخاش کے ساتھ ایک ٹرک کو ضبط کیا اور دو افراد کو گرفتار کیا۔ایس ایس پی اے این ٹی ایف ونے شرما نے کہا کہ ہمیں مخصوص اطلاع ملی تھی کہ ایک ٹرک زیررجسٹریشن نمبر JK13E-6122 ،جووادی کشمیر سے آیا تھا اور اس وقت یہ جموں میں نہرو مارکیٹ کے پیچھے کھڑا ہے جس میں بڑی مقدار میں خشخاش ڈرائیور عارف احمد ولد عارف ساکن راجپورہ پلوامہ اورڈرائیور اعزاز احمد آہنگر ولد عبدالاحد آہنگر ساکنہ قاضی گنڈ اننت ناگ کشمیرکیساتھ چھپا رکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ اے این ٹی ایف کی ایک ٹیم فوری طور پر حرکت میں آئی اور مذکورہ ٹرک کو پرانے آر ٹی او آفس، جموں کے قریب نہرو مارکیٹ کے پیچھے کھڑا پایا۔انہوں نے بتایا ’’تلاشی کے دوران885.55 کلو گرام خشخاش اے این ٹی ایف کی ٹیم نے برآمد کیا جو مذکورہ ٹرک میں چھپایا گیا تھا۔ دریں اثنا، ڈرائیور کے ساتھ ساتھی ڈرائیور کو فوری معاملے میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور ٹرک کو ضبط کر لیا گیا ہے۔انکاکہناتھا کہ اے این ٹی ایف مزید روابط کی تحقیقات کر رہی ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ادھر رام بن پولیس نے جمعہ کے روز دو افراد کو گرفتار کیا اور 275 کلو گرام ممنوعہ مواد (خشخاش )ضبط کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر جموں نیشنل ہائی وے پر رامسو میں معمول کی چیکنگ کے دوران ہیڈ کانسٹیبل وجے پال کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے جموں جانے والے ایک ٹرک زیررجسٹریشن نمبر JK05G-9376 کوروکا۔گاڑی کی تلاشی کے دوران 12 تھیلے، جن میں دو کوئنٹل اور 75 کلو گرام خشخاش تھا، برآمد ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرک میں سیب کے کارٹونوں کے نیچے تھیلے چھپائے گئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کی شناخت تنویر احمد بٹ ولد منظور احمد بھٹ اور ٹرک کے کلینر ساحل نذیر ولد نذیر احمد چوپان کے طور پر ہوئی ہے ۔ دونوں ساکن سیلوسوپور، ضلع بارہمولہ کشمیر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔