نکہ ۔ناڑ سڑک پر غیر معیاری تار کول بچھانے کا الزام | ایس ڈی ایم نے رپورٹ طلب کر کے کارروائی کی ہدایت جاری کی

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی نکہ تا ناڑ رابطہ سڑک پر غیر معیاری کام ہونے کے الزامات سامنے آنے کے بعد ایس ڈی ایم مینڈھر نے کام کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس سلسلہ میں کارروائی کا حکم بھی جاری کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں میں بلاک بالاکوٹ کے نکہ علاقہ میں تعمیر ہوئے نکہ تا ناڑ رابطہ سڑک پر 1کلو میٹر علاقہ میں بلیک ٹاپنگ کیلئے ٹینڈر نکالا گیا تھا جس کے بعد محکمہ تعمیر ات عامہ کے زیر تحت ٹھیکیدار کی جانب سے سڑک پر تار کول بچھائی گئی ۔مقامی لوگوں و علاقہ کے سرپنچ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مبینہ طورپر محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے سڑک پر انتہائی غیر معیاری تار کول بچھائی گئی ہے جس کے اکھڑنے کا عمل بھی جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار اور متعلقہ محکمہ کی ملی بھگت سے ایک کلو میٹر کے بجائے لگ بھگ 750میٹر علاقہ میں تار کول بچھائی گئی ہے جو کہ انتہائی غیر معیار ہے ۔دوسری جانب ایس ڈی ایم مینڈھر نے بتایا کہ انہوں نے شکایت کے بعد متعلقہ محکمہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ٹھیکیدار کا کارڈ منسوخ کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری کام کرنے اور کروانے کے عمل میں ملوث ٹھیکیدار و ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ سڑک کو دوبارہ سے ٹھیک کروایا جائے تاکہ ان کو دقتیں کم ہو سکیں ۔