نکاسی آب کے پروجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر  | عیدگاہ سرینگر کی آبادی مشکلات سے دوچار

بلال فرقانی
سرینگر// عیدگاہ سرینگرمیں نکاسی آب کا پروجیکٹ مکمل نہ ہونے کے نتیجے میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔وانگن پورہ کے قریب سڑک 3 ماہ قبل کھودی گئی تھی لیکن اسے ہموار نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے ایک وفد نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ کھودی ہوئی سڑک وبال جان بنی ہوئی ہے اورآج تک کئی لوگ زخمی ہوچکے ہیں۔ایک مقامی شہری نے بتایا’’کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کئی مسائل کا سامنا ہے،ہم میکڈاما ئزیشن کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیںبلکہ یہ چاہتے ہیں کہ سڑک کو ہموار کیا جائے تاکہ ہم آزادانہ طور پرچلنے پھرنے کے قابل ہو سکیں ‘‘۔ ایک اور مقامی شہری نے بتایا کہ حال ہی میں ایک معمر شخص گہرے گڑھے میں گر گیا اورزخمی ہو گیا۔انہوں نے کہا ’’ گزشتہ دنوں ایک شہری کا انتقال ہو گیا اورہمیں معمول کی کارروائیوں کے دوران بہت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا‘‘۔مقامی لوگوں کے مطابق انہیں اپنی گاڑیوں کو باہرہی رکھنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایک گاڑی کے سائڈ شیشے ٹوٹ گئے تھے اور گاڑیوں کو سڑک پر رکھنے کی وجہ سے چوری کا بھی خدشہ رہتا ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ علاقے کے درجنوں گھرانوں کی نقل و حرکت منقطع ہوگئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس مسئلہ کو بلاتاخیر حل کیا جائے۔علاقے کے تاجروں نے شکایت کی کہ اس مسئلہ سے ان کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں حکام سے رابطہ قائم کیا گیالیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔