نوشہرہ ہسپتال کی تعمیر 6برسوں سے التوا کا شکار | محکمہ ٹس سے مس نہیں ،عوام کو پریشانی کا سامنا

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں ہسپتال کی اضافی عمارت کی تعمیر گزشتہ 6برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو پارہی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی مشکلات جوں کی توں ہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 6برس قبل نوشہرہ میں 100بستروں والے ہسپتال کی اضافی عمارت کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ آج بھی مقامی ہسپتال میں گنجائش کم ہو نے کی وجہ سے دیگر ہسپتالوں میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ کانگریس کے دوران حکومت میں مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد کی جانب سے سندر بنی اور نوشہرہ میں سو بسترو ں والے ہسپتالوں کے قیام کے سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھائے گئے تھے لیکن اس کے بعد مذکورہ عمارت کی تعمیر کا عمل تو شروع کیا گیا لیکن اس کو مکمل کرنے میں متعلقہ شعبہ پوری طرح سے ناکام رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کی عمارت کو جلدازجلد مکمل کروانے کیلئے متعلقہ تعمیراتی شعبہ کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ غیر ضروری طورپر کی جارہی تاخیر کا بھی سنجیدہ نوٹس لیا جائے ۔