نوشہرہ کے گرن علاقہ میں کئی ماہ بعد بھی پانی کی سپلائی بحال نہ ہو سکی ۔300سے زائد کنبوں کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا،محکمہ پر لاپرواہی کا الزام

رمیش کیسر
نوشہرہ //لمبیڑی بلاک کی پنچایت کے گرن علاقہ میں واٹر سپلائی سکیم کی مشینری چوری ہونے کے بعد سکیم کی بحالی کیلئے کوئی قدم ہی نہیں اٹھایا جاسکا جس کی وجہ سے علاقہ کے 3سو سے زائد کنبوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کے سٹیبلائزر چور ی ہونے کے بعد مشینری کو دوبارہ سے نصب کرنے کیلئے محکمہ کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ واٹر سپلائی سکیموں کیلئے نصب کردہ بجلی ٹرانسفارمروں میں تانبے کی تاریں لگائی جاتی ہیں تاہم چوروں کی جانب سے مذکورہ تاروں کی چوری کیلئے سب ڈویژن نوشہرہ میں کئی وار داتیں انجام دی گئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی واٹر سپلائی سکیموں میں سے مذکورہ سیٹبلائزر چوری کر لئے گئے ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ شمشان گھاٹ کے قریب بنائی گئی واٹر سپلائی سکیم کا ساز و سامان چوری کئے جانے کی وجہ سے لوگوں کوکئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔دوسری جانب جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے مذکورہ معاملہ کے سلسلہ میں ایک معاملہ درج کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے واٹر سپلائی سکیم کو جلداز جلد بحال کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔