نوشہرہ کے لام گائوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت مقامی لوگوں کا محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج، حکام پرلاپرواہی کا الزام عائد

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہر ہ سب ڈویژن کے لام گائوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عا م لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے محکمہ کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے پینے کے صاف پانی کا سپلائی نظام متاثر ہوا ہے لیکن محکمہ کی جانب سے اس کی بحالی کیلئے کوئی قدم ہی نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مظاہرے کے دوران گنیش کمار اور بھرت کمار نامی مکینوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے علاقہ کے عام لوگوں بالخصوص خواتین کئی گھنٹوں تک قدرتی چشموں پر انتظار کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ کو لے کر انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک پانی کی سپلائی کیلئے کوئی بندوبست نہیں کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ آفیسران کی جانب سے ہر مرتبہ طفیل تسلیاں دی جاتی ہیں لیکن عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔دوسری جانب متعلقہ محکمہ کے جونیئر انجینئر نے بتایا کہ بور ویل میں سے پانی نہ نکلنے کی وجہ سے سپلائی میں خلل آیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی مزید گہرائی میں جانے سے اب مزید مشینری و سازو سامان نصب کر کے سپلائی کو دوبار ہ سے بحال کرنے کی کوششیں کی جائیں گی ۔