نوشہرہ میں چوری کی 12 وارداتیں حل ۔15لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات، نقدی ودیگر سامان برآمد

 رمیش کیسر

نوشہرہ //ضلع راجوری کے سب ڈویژن نوشہرہ میں پولیس نے چوری کی بارہ وارداتوں کوحل کر نے ایک نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ ان وارداتوں کے سلسلہ میں چوری شدہ املاک اور طلائی زیورات و دیگر اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔راجوری پولیس نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ 19 مئی سے 23 مئی تک نوشہرہ پولیس اسٹیشن میں چوری کی 05 مختلف شکایات موصول ہوئیں اور سب ڈویژن کے دیہات بشمول بریری، نونیال، چوکی ہنڈان اور نوشہرہ ٹاؤن پی ایس نوشہرہ سے چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔بعد میں اس طرح کی ایک اور شکایت تھانہ سندر بنی کے گاؤں ٹھنڈاپانی سے موصول ہوئی۔ان تمام واقعات میں تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ چوری کی وارداتیں اس وقت ہوئیں جب مالکان یا تو شادی کی کسی تقریب میں شریک تھے یا اپنی سماجی یا مذہبی وابستگیوں کی وجہ سے باہر گئے ہوئے تھے۔اس کے بعد پولیس اسٹیشن نوشہرہ میں مختلف ایف آئی آرز 110، 113، 114، 116، 117 آف 2023 U/Ss 457/380 IPC درج کی گئیں اور FIR 35/2023 U/Ss 457، 380 میں تھانہ سندر بنی میں درج کیاگیا ۔ان مقدمات کی تفتیش ان پولیس اسٹیشنوں کے مختلف تفتیشی افسران نے کی۔تحقیقاتی ٹیم نے سخت کوششیں کیں اور مختلف تکنیکی لیڈز کو جوڑنے کے بعد راجیش کمار نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیااور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کیسوں کی تفتیش کے دوران پولیس سٹیشن نوشہرہ میں رپورٹ ہونے والی پچھلی چوریوں میں مشتبہ راجیش کمار کے ملوث ہونے کے بارے میں تکنیکی شواہد سامنے آئے۔

 

 

بعد ازاں مشتبہ شخص کونوشہرہ کی پولیس ٹیم نے حراست میں لیا اور اس سے مسلسل پوچھ تاچھ کی گئی جس کے دوران اس نے چوری کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔اس کے اعترافی انکشاف پر پولیس نے تقریباً 10 لاکھ کی ریکوری کی ہے۔اس وقت ملزم پولیس کی تحویل میں ہے اور مستقبل میں مزید بازیابی کی توقع کے ساتھ پوچھ گچھ کے تحت ہے۔قابل ذکر ہے کہ نوشہرہ پولیس نے مئی کے دوران قومی شاہراہ 144-A پر گائوںلمبیڑی میں ہونے والی 02 ڈکیتیوں پر بھی کام کیا جس میں 03 ملزمان کے اعترافی انکشاف پر تقریباً 1 لاکھ مالیت کی اشیائے خوردونوش، بیٹریاں سمیت دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔مزید برآں موٹر وہیکل چوری کے 02 کیسز بھی حل کرلئے گئے جن کی مالیت تقریباً 4 لاکھ روپے ہے اور مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ نے کہا کہ مستقبل میں تمام چوری اور چوری کی وارداتوں کو حل کرنے کی مزید کوششیں جاری ہیں۔ایس ایس پی راجوری نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، کاروباری اداروں میں سی سی ٹی وی کی تنصیب کو فروغ دیں کیونکہ یہ نگرانی کی ایک اضافی پرت فراہم کرتا ہے اور مختلف پہلوؤں کی تفتیش کے دوران تفتیشی ایجنسیوں کی مدد کرتا ہے۔