نوشہرہ میں بھی پی ایچ پی عارضی ملازمین کی ہڑتال جاری

رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ جل شکتی میں کام کررہے عارضی ملازمین کی ہڑتال مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے نوشہرہ سب ڈویژن کے اکثر دیہات میں پانی کی ہاہا کار مچ گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ عارضی ملازمین کی ہڑتال 7دنوں سے مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ کے لوگ بالخصوص خواتین قدرتی چشموں پر گھنٹوں بیٹھنے کے بعد پانی لا نے پر مجبور ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی سنجیدہ نوٹس نہیں لیا جارہا ہے ۔دوسری جانب احتجاج کررہے ملازمین نے کہا وہ گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے ان کی مانگیں پوری ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین کے مطالبات جلدازجلد پورے کئے جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔