نوشہرہ میں بنکروں کی تعمیر کے 2برس بعد بھی ادائیگیاں نہ ہوسکی | مزدور طبقہ شدید پریشان ،محکمہ اور مقامی انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں ہو ئی بنکروں کی تعمیر کے 2برس بعد بھی متعلقہ محکموں کی جانب سے ادائیگیاں نہیں ہوسکی ہیں جس کی وجہ سے ایک بڑا مزدور طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں و بنکروں کی تعمیر میں مصروف ٹھیکیدار وں نے بتایا کہ حدمتارکہ کے نزدیکی علاقو ں میں لوگوں کی حفاظت کیلئے کمیونٹی اور انفرادی بنکروں کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن اس تعمیر کو مکمل ہوئے دو برس کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن ابھی تک ان کو ادائیگیاں نہیں کی گئی ہیں ۔مزدور طبقہ سے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے وہ متعلقہ محکمہ کے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں لیکن ان کو صرف جھوٹی یقین دہانیاں کروائی جارہی ہیں جبکہ کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بنکروں کی تعمیر کے دوران کی گئی مزدور ی نہ ملنے کی وجہ سے اب ان کو مالی بحران کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں ضلع انتظامیہ راجوری کو بتایا گیا تھا کہ آر ڈی ڈی کی جانب سے ضلع راجوری میں 1528 بنکروں پر کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی پر عمل درآمد کے مختلف مراحل میں ہیںجبکہ اسی طرح پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے 1255 پر کام مکمل ہے جبکہ ان میں سے نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں کے بھی کئی بنکروں موجود ہیں تاہم اس ودران نوشہرہ کے حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں نے بتایا کہ کئی بنکروں کی تعمیر مکمل ہوئے کئی ماہ کا عرصہ بیت گیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ان کو بقایا رقم ادا نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں بنکروں کی باقی بچی ہوئی ادائیگیوں کو جلدازجلد ممکن بنایا جائے ۔