نوشہرہ میںوالی بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر

راجوری//نوشہرہ تحصیل کے سرحدی دیہاتوں کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ میں کھیلوں کے جذبے اور عزم کو اجاگر کرنے کے لئے فوج کی کلال بٹالین نے بھارتی فوج کے آپریشن سدبھاونا کے تحت نوشہرہ تحصیل انٹر ولیج والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔یہ ٹورنامنٹ 20 جون کو شروع ہوا اور منگل کو جھنگڑ ڈے کی پیش کش کے طور پر اختتام پذیر ہوا جو ہر سال 03 جولائی کو 1947-48 کی ہند پاک جنگ میں جھنگڑ کی جنگ میں فوج کی شاندار فتح کا جشن منانے کے لئے منایا جاتا ہے۔آرمی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں لام، کلسیاں، جھنگر، روملیدھرا اور کلال کی ٹیمیں شامل تھیں۔ایک سنسنی خیز فائنل میچ میں کلسیاں کی ٹیم نے کلال ٹیم کو 3-2 کے سکور سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔آرمی نے کہا کہ ٹورنامنٹ نے کھلاڑیوں میں جذبہ خیر سگالی اور کھیل کا جذبہ پیدا کیا اور شائقین والی بال کے کھیل کے اعلیٰ معیار سے بہت پرجوش تھے۔کامیاب ٹیم کو گولڈ اور سلور میڈل دیئے گئے اور کلال بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر نے تمام کھلاڑیوں کو شرکت کا سرٹیفکیٹ دیا۔محمد طارق انچارج والی بال ایسوسی ایشن، راجوری نے بھی اس موقع پر شرکت کی اور کھلاڑیوں کو مستقبل میں بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دی۔