نوشہرہ حد متارکہ کے نزدیک تعمیر بنکروں میں پانی جمع ڈھانچے قابل رہائش نہیں ،خرچ فنڈز کی تحقیقات کا مطالبہ

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں فائرنگ سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے تعمیر کردہ کمیونٹی اور انفرادی بنکروں میں پانی جمع ہونے کیساتھ ساتھ ڈھانچے انتہائی خستہ حال ہو چکے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے حکم پر تعمیر اتی ایجنسیوںکی جانب سے سب ڈویژن کے سرحدی دیہات میں لاکھوں روپے کے فنڈز خرچ کر کے بنکروں کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن مذکورہ ڈھانچوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہو ا ہے جو کہ اس وقت نا قابل استعمال ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بنکروں کے صرف ڈھانچے ہی تعمیر کئے گئے تھے تاہم اس کے بعد اس کو قابل رہائش بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی ایک بنکروں کی تعمیر کے دوران انتہائی غیر معیاری مٹریل کا استعمال کیا گیا ہے ۔انہوں نے محکمہ تعمیر ات عامہ اور دیہی ترقی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بنکروں کی تعمیر ایسی جگہوں پر کی گئی ہے جہاں پر ان میں اکثر پانی آتا ہے تاہم ٹھیکیداروں نے فنڈز واگزار کروانے کے بعد اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا ہے ۔کرشن کمار ،رام لال ،منشی رام و دیگران نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بنکروں کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیریاں کی گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ڈھانچوں کو معیاری بنانے کیساتھ ساتھ خرچ ہو ئے فنڈز کی جانچ کروائی جائے ۔