نفسیاتی مسائل…بیداری اہم علاج 

AL25-HAPPINESS A Danish study suggests that depression and unhappiness can inspire creativity. It appears that the most lasting inspiration for artists may come from the most difficult moments. Editable vector silhouette of a man sitting with his head in his hand with background made using a gradient mesh Uploaded by: Herron, Shaun

وادی کشمیرمیںذہنی تنائوسے پیدا ہونے والے امراض ، خود کشی کے واقعات اور منشیات کے استعمال کے حوالے سے نامور نفسیاتی و ذہنی امراض کے معالجین آئے روز جو چونکا دینے والے انکشافات کررہے ہیں ،اُن سے وادی کے ذی حس طبقہ کی نیندیں اڑجانی چاہئیں ۔نفسیاتی امراض میں مبتلاء لوگوں کے بارے میں جو اعداد و شمارمیں پیش کئے جارہے ہیں ،ان پر اگر چہ کئی لوگوں کو اعتراض ہے لیکن اس بات پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا کہ رواں نامساعد حالات کے چلتے وادی میں روز افزوں نفسیاتی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔اس سلسلے میں کئی مقامی اور بین الاقوامی رضاکار تنظیموں نے سروے کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کرہ ارض کے اس خطہ میں نامسائد حالات میںنہ صرف جوانوں کی ایک کثیر تعداد ذہنی طور سو فیصد توانا نہیں بلکہ بچے ،بزرگ اور خواتین بھی اعصابی اضمحلال اورذہنی تنائو کے شکار ہیں۔ماہرین نفسیات کے مطابق پر تنائو صورتحال اور تشدد کے واقعات نے کشمیری سماج کے قلب وذہن پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خودکشی کے واقعات اور نشہ آور اشیاء کے استعمال میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔شاید ہی کوئی دن ایسا ہوگا جب مقامی اخبارات میں خودکشی اور منشیات کے استعمال سے متعلق خبریں شائع نہ ہوتی ہوں ۔اس ساری صورتحال کا تشویشناک پہلو یہ ہے کہ نوجوان نسل نے ذہنی تنائو سے چھٹکارا پانے کیلئے منشیات کا سہارا لینا شروع کیا ہے جو انہیں اندر ہی اندر سے دھیمک کی طرح چاٹ رہا ہے اور خاموشی سے یہ زہر نوجوان نسل کو ذہنی اور جسمانی طور مفلوج بنارہا ہے۔اس سنگین طبی بحران سے لاتعلقی کانتیجہ ہمارے سامنے ہے ،کشمیری سماج کا توازن بگڑ رہاہے ،ہر کوئی اپنی ہی ایک الگ دنیا میں مگن ہے ،ذہن مفلوج ،قلب مضطرب ،کیفیت ناراحتی کا عجیب سا احساس ،اکیلا پن ،خوف اور نامعلوم مخلوق کا ڈر، چند ایسی شکایات ہیں جو عوام کی غالب اکثریت میں پائی جاتی ہیں۔ کشمیر میں نفسیاتی امراض کے معالجین کے کلینکوں پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ علاج و معالجہ اور طبی مشوروں کیلئے آتے ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہاں بھی ذہنی طور منتشر لوگوں کو مفید مشوروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے انہیں سینکڑوں روپے کی ادویات تجویز کی جاتی ہیں ،جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ایسے لوگ پھر ضدتنائو کی دوائیاں کھانے کے عادی ہوجاتے ہیں اورمرتے دم تک یہ دوائیاں ان کا پیچھا نہیں چھوڑتیں۔دوائیاں دینا اور لیناکوئی حل نہیں ہے ۔دیکھنا یہ ہے کہ کیوں کر کشمیری لوگ نفسیاتی امراض کے شکار ہورہے ہیں اور کیوں وہ ہنی ناآسودگی کی لپیٹ میں آرہے ہیں۔گوکہ اس کیلئے کئی ایک وجوہات ذمہ دار ہیں تاہم نامساعد حالات کا اس میں بہت بڑا رول ہے اور انہی حالات کی وجہ سے یہاں ایک بڑا طبقہ سکون سے محروم ہوکر منشیات کی لت میںپڑگیا۔جہاں تک نوجوان نسل کا تعلق ہے تو انکا منشیات کے دلدل میں پھنس جانا کوئی اچھا شگون نہیں ہے ۔اس کیلئے اگر چہ دورجدید کی خرافات کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے تاہم والدین اصل ذمہ دا ر ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو بچوں سے اس قدر دور کیا کہ انہیں تنہائی کا احساس کھانے لگا اور وہ تنہائی کے درد سے خلاصی پانے کیلئے منشیات کے سمندر میں ڈوب گئے ۔والدین اس قدر عدیم الفرصت ہوگئے ہیں کہ انہیں اپنے بچوں کو دینے کیلئے وقت نہیں ہے اور انہوں نے اپنی الگ دنیا بسا رکھی ہے ۔ظاہر ہے جب آپ ایک نوخیر اور نوجوان کو وقت نہ دیں گے اور اوپر سے پیسہ وفور رکھیں گے تو یہ تو ہونا ہی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ آپ کا نوجوان وحشی پن پر اتر آیا ہے اور لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعات معمول بن چکے ہیں کیونکہ نوجوان اس قدر خوگر ہوچکا ہے کہ وہ کسی کے سامنے اپنے آپ کو جوابدہ ہی تصور نہیں کرتا ہے اور وہ اخلاقی قدروں سے بھی محروم ہوچکا ہے ۔موجودہ صورتحال ہمارے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے اور اگر ہم آج نہیں جاگے تو کل تک یہ طوفان اپنے ساتھ ہمارا سب کچھ بہا لے جائے گا اور ہمارے پاس ماتم کرنے کیلئے کچھ نہیں ہوگا۔اس ضمن میں حکومت کی جانب سے دماغی صحت سے متعلق آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جس میںماہرین نفسیات، مشیران نفسیات ، سائیکیٹرسٹ اور میڈیکل افسران کو تربیت دی جائے گی تاکہ لوگوں میں ذہنی صحت کے مسائل کی نشاندہی کی جا سکے۔یہ خوش آئند پہل ہے جبکہ اس کے علاوہ تمام ضلعی ہسپتالوں اور چند سب ضلعی ہسپتالوں میں نفسیاتی مسائل کے علاج کیلئے اوپی ڈی کا قیام اور میڈیکل کالجوں میں شعبہ نفسیات کا قیام ایسے اقدامات ہیںجن سے اس سنگین بحرا ن کا کسی حد تک تدارک ممکن نہیں ہے ۔ذہنی صحت کا خیال رکھنا جسمانی صحت کی طرح اتنا ہی ضروری ہے۔ ذہنی صحت سے متعلق مسائل کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اگر مسائل کو نظر انداز کیا گیا اور ان کا حل تلاش نہ کیا گیا تو مزید سنگین مسائل پیدا ہوں گے۔حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ مایوسی کے ماحول کونوجوانوں کیلئے امیدی سے بدل دیں۔کوشش کی جائے کہ ان کی ترقی اور کامیابی میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں اور انہیں زندگی میں یکساں اور منصفانہ مواقع ملیں۔ اس طرح کے اقدامات ان کی زندگی میں تنا ئواور مایوسی کی سطح کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔