نعت رسولﷺ

ذکرِ آقا دعا ہوگیا ہے
یہ تو اک معجزہ ہوگیا ہے
جس کو نسبت ملی مصطفٰی سے
خاک تھا کیمیا ہوگیا ہے
کر لیا جس نے راضی نبی کو
اس سے راضی خدا ہو گیا ہے
راہِ سنت پہ ہر چلنے والا
رہبر و رہ نما ہو گیا ہے
ہر نشانِ قدم مصطفٰی کا
خلد کا راستہ ہو گیا ہے
ان کے عاشق کی چشمِ کرم سے
راہزن پارسا ہو گیا ہے
دشمنی کرکے غوث ورضاسے
ان کا چہرہ سیہ ہو گیا ہے
نعت گوئی کا فن ہم کو زاہدؔ
عشقِ شہہ سے عطا ہوگیا ہے

محمد زاہد رضا بنارسی
دارالعلوم حبیبیہ رضویہ گوپی گنج
بھدوہی (یوپی) بھارت