نعتیں

نعت
نعت سرکار گنگنائےجا
اپنی تقدیر جگمگائے جا
چھیڑکر تذکرہ شہہ دیں کا
بارش نور میں نہائے جا
ہرگھڑی مدحتِ پیمبر سے
دل کی تاریکیاں مٹائے جا
یہ ہے مسکن نبی کے عاشق کا
توبھی بستر یہیں جمائے جا
عشقِ حسنین کے چراغوں سے
دل کو نورانی تر بنائے جا
ذات خیرالورٰی کی آمدہے
لب درودوں سے تو سجائے جا
یہ طریقہ ہے ننھےاصغر کا
زخم کھا کھا کے مسکرائے جا
یہ ہے معراجِ بندگی زاہدؔ
سنگ درپرجبیں جھکا ئے جا

محمد زاہد رضابنارسی
دارالعلوم حبیبیہ رضویہ
گوپی گنج بھدوہی

نعتِ پاک
آؤ خزاں کے دور میں لطفِ بہار لیں
نامِ نبییٔ امی لقب بار بار لیں
تھوڑا سا وقت ذکرِ نبی میں لگا کے ہم
اللہ سے عطائیں چلو بے شمار لیں
ہم ہونگے اور گنبدِ خضرا کی ہوگی چھاؤں
بس دورئ مدینہ کے یہ دن گزار لیں
سینے میں اپنے پال کے عشقِ نبی کے غم
آ، لازوال لطفِ سکون و قرار لیں
جو ہوگئے بے یار و مدد گار کیا ہوا
آقا کریم کو پئے نصرت پکار لیں
پھر دیکھیں کیسے زندگی قدموں میں بچھتی ہے
عشقِ نبئ پاک میں ہم خود کو مار لیں
آقا سے الفتوں کا جو ہم بھر رہے ہیں دم
اے کاش یہ زبان سے دل میں اُتار لیں
حوروں کے ساتھ رہنا ہے جنت میں اے ذکیؔ
آ! سنتوں سے ذات کو اپنی سنوار لیں

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی، اترپردش
موبائل نمبر؛7007368108