نعتیں

نعتِ پاک
جو تھی تیرگی سے وحشت ابھی روشنی سے پہلے
یہی حالتِ زمانہ تھی مرے نبیؐ سے پہلے
اے مرے خدائے برحق درسِ نبیؐ سے پہلے
کہیں سر نہیں جھکایا تری بندگی سے پہلے
نبی یوں تو کتنے آئے ہیں جہانِ روز و شب میں
نہیں تھا کوئی بھی برتر تری برتری سے پہلے
مرے جیسے عاصی بے کس کو لگا لے جو گلے سے
کوئی دلبری نہیں تھی تری دلبری سے پہلے
مرے دل کی آرزو ہے اے مرے خدائے قادر
ہو زیارتِ مدینہ مجھے جاں کنی سے پہلے
نبیؐ یا نبیؐ میں قرباں ہوا آپ کی عطا پر
مجھے آپ نے نوازا مری عاجزی سے پہلے
تو اے گردشِ زمانہ مرا کچھ نہ کر سکے گی
میں پکاروں گا نبیؐ کو تری سرکشی سے پہلے
جو فضیلتِ دوامی ہے مرے نبیؐ کو حاصل
نہ تو بعدِ آدمی تھی نہ تو آدمی سے پہلے

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی
موبائل نمبر؛7007368108

توصیفِ آنحضورؐ
انسانیت پہ تا ابد احسان کر گیا
واحد خدا کے دین کا اعلان کر گیا

بتلا دیئے انساں کو ہیں اسرارِ بندگی
سفرِ حیات، تا ابد آسان کر گیا

دل جو زُباں سے ہوچکے یکسر تھے دور دور
اِک جنبشِ اخلاق سے یکجاں کر گیا

مقہور تھے جو دم بہ دم مجبور ہر قدم
دستِ سخا سے اُن کو ہے، سلطان کر گیا

بستر تھا ٹوٹا بوریا کھانا کھجور تھا
آرامِ جاں بھی اپنا وہؐ قربان کرگیا

کیسے کروں بیان میں توصیفِ آنحضورؐ
توصیف بیاں میں جن کی ہے، رحمٰن کر گیا

طفیل ؔشفیع
حیدر پورہ سرینگر
موبائل نمبر؛6006081653