نئی بستی ٹھاٹھری کے دھنس جانے کیلئے ناقص نکاسی نظام ذمہ دار انجینئرنگ ونگ کامسئلہ حل کرنے کے لیے کام کر رہاہے: ڈی سی ڈوڈہ

جموں// ماہرین ارضیات نئی بستی ٹھاٹھری میں زمین دھنس جانے کیلئے ناقص نکاسی نظام کو ذمہ دار ٹھہرایاہے۔ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر وشیش پال مہاجن نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا “ماہرین ارضیات نے اپنی رپورٹ پیش کی ہے جس میں انہوں نے ٹھاٹھری میں مکانات کے ڈھہ جانے کی بنیادی وجہ نکاسی کے ناقص نظام کو قرار دیا ہے”۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انہوں نے ماہر ارضیات کی رپورٹس پر کام شروع کر دیا ہے اور انہوں نے انجینئرنگ ٹیم کو نکاسی آب کے نظام کے حوالے سے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس کالونی میں مکانات تعمیر کیے گئے تھے لیکن پانی کی نکاسی کا ناقص نظام تھا اور یہی زمین/مکانات کے دھنسنے کی وجہ بنی تاہم ہم مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ 12 خاندانوں کو اپنے گھر غیر محفوظ ہونے کے بعد بے گھر ہونا پڑا اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔اس دوران ایک مقامی عبدالمجید بھٹ نے اپیل کی کہ انتظامیہ ان کی رہائشی کالونی کے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو رہنے کے لیے متبادل جگہ فراہم کرے۔انکاکہناتھا’’رمضان آ رہا ہے اور جن خاندانوں کو بے گھر ہونا پڑاہے انہیں مستقل پناہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے حکام کو چاہیے کہ وہ انہیں اپنے مکانات کی تعمیر کے لیے پلاٹ الاٹ کریں۔