میں نے ہیری ٹیکٹر کو ایک بلہ دیا ہے تاکہ وہ اور چھکے لگا ئیں:پانڈیا

ڈبلن// (یو این آئی) آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہاردک پانڈیا نے آئرش بلے باز ہیری ٹیکٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں آئی پی ایل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔22 سالہ ٹیکٹر نے ہندوستان کے خلاف بارش سے متاثرہ پہلے ٹی 20 میں 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 64 رنز بنا کر آئرلینڈ کو 12 اوورز میں 108 تک پہنچا دیا، حالانکہ انڈیا نے ہدف 9.2 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔پانڈیا نے میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں ٹیکٹر کی تعریف کی اور کہا کہ وہ مستقبل میں انہیں آئی پی ایل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔پانڈیا نے کہا، ”انہوں نے بہت اچھے شاٹس کھیلے ۔ ان کی عمر صرف 22 سال ہے ۔ میں نے انہیں ایک بلہ بطور تحفہ پیش کیا ہے تاکہ وہ کچھ اور چھکے لگائیں اور شاید آئی پی ایل کا معاہدہ بھی حاصل کر لیں۔ میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔اس سے قبل ٹییکٹر بھی آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنی شاندار کارکردگی سے لوگوں کی توجہ مبذول کر چکے ہیں۔ ٹیکٹر نیوزی لینڈ میں ہونے والے مقابلے میں آئرلینڈ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے ، اور انہوں نے نمیبیا کے خلاف 101 رنز بھی بنائے تھے ۔