میونسپل کمیٹی بانہال میں عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ایگزیکٹو آفیسر بانہال نے میونسپل صدر اور نائب صدر کو اپنے عہدے سے ہٹادیا

محمد تسکین
بانہال// پچھلے سال سے میونسپل کمیٹی بانہال کے صدر اور نائب صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک عدلیہ سے ہوتے ہوئے اب اپنی منزل کو آ پہنچی ہے اور ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی بانہال نے ہفتے کے روز جاری ایک حکم کے بعد صدر اور نائب صدر کو اپنے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور اب آج یعنی پیر کے روز یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر ایس ڈی ایم بانہال میونسپل دفتر پر ترنگا لہرائیں گے۔ میونسپل کمیٹی بانہال کے ایگزیکٹو آفیسر نے 13 اگست کو جاری ایک حکم میں کہا ہے کہ 04 جولائی کے روز ہائی کورٹ کے احکامات 13 اگست کے روز ڈپٹی کمشنر رام بن کے ایک خط کی روشنی میں جموں و کشمیر میونسپل ایکٹ 2000 کے تحت صدر اور نائب صدر میونسپل کمیٹی بانہال کو اپنے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پچھلے سال میونسپل کونسل بانہال کے سات میں پانچ کونسلروں نے میونسپل صدر فاروق احمد وانی اور نائب صدر اشوک کمار کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی جسے میونسپل کمیٹی صدر بانہال نے عدلیہ میں چیلنج کیا تھا اور گزشتہ ماہ عدلیہ نے میونسپل صدر کے کیس کو ختم کرکے حکام کو میونسپل ایکٹ کے مطابق کاروائی کی ہدایت جاری کی تھی۔میونسپل کونسل بانہال کی مدت آئند چودہ ماہ میں ختم ہونے والی ہے۔ میونسپل کمیٹی صدر کو اپنے عہدے سے ہٹانے کے بعد اب ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس پیر کے روز یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر میونسپل کمیٹی بانہال میں ترنگا لہرائیں گے۔ادھر باغی ممبران میں سے کئی ایک نے عدلیہ اور ضلع انتظامیہ رام بن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے حق کی جیت قرار دیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن اور بلدیہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی بانہال کے ضمنی انتخابات کیکئے قواعد کو فوری طور شروع کریں۔