مینڈھر ۔پٹھانہ تیر سڑک کا حصہ دریا میں بہہ گیا ۔4پنچایتوں کی عوام و سکولی بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے پٹھانہ تیر علاقہ کو سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں کیساتھ جوڑنے والی واحد سڑک مینڈھر تا پٹھانہ تیر سڑک کا

ایک حصہ سلواہ علاقہ سے دریا میں بہہ گیا جس کی وجہ سے 4پنچایتوں پر مشتمل ہزاروں کی آبادی کا راستہ بند ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے اکثر علاقوں میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے سلواہ نالے میں سے سڑک کا لگ بھگ 100میٹر حصہ ہی دریا میں بہہ گیا جس کی وجہ سے لوگوں کی آمد ورفت متاثر ہو چکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ رابطہ سڑک ان علاقوں کے سینکڑوں کی تعداد میں طلباء کیلئے ایک واحد راستہ تھا لیکن اب اس کے بند ہونے کی وجہ سے والدین کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو چکا ہے ۔غور طلب ہے کہ پٹھانہ تیر و دیگر ملحقہ علاقوں میں سے طلباء کی ایک بڑی تعداد دیگر علاقو ں میں قائم سرکاری و نجی سکولوں کیساتھ ساتھ گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں زیر تعلیم ہیں تاہم سڑک کے بند ہونے کے بعد ان کی پڑھائی کے متاثر ہو نے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کے مذکورہ مقام پر ایک پل تعمیر کروایا جائے تاکہ لوگوں کی آمد ورفت متاثر نہ ہو ۔

سنئی میں سڑک کی نکاسی کا عمل مفلوج
محکمہ خاموش ،لو گ خود نالیاں نکالنے پر مجبور
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے الگ بھگ چھ کلو میٹر کی دوری پرسنئی مڈل پنچایت میں رابطہ سڑک کا نکاسی نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو نقصان ہورہا ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے لاپرواہی کا مظاہرہ کئے جانے کے بعد اب مقامی لوگ خود ہی سڑک کی نالیاں نکالنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے آفیسران کو کئی مرتبہ مطلع کیا گیا لیکن انہوں نے آب نکاس کو بروقت بہتر بنانے میں سستی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں اب پورا رہائشی محلہ لپیٹ میں آ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کی نالی پہلے سے ہی بند پڑی ہوئی تھی تاہم حال میں ہی بارشوں کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے ودران سڑک کا پانی ان کی زرعی زمینوں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔ مکینوں نے مزدوروں کو خود ہی پیسے دے کر اور مزدورں کیساتھ مل کر نالی کو صاف کرنے کاعمل شروع کیا تاہم سڑک کے ایک طرف عارضی باندھ لگائی جس سے پانی مکانوں میں داخل نہ ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی ایک اسکیم ہے جو مرکز سے چلائی جاتی ہے جس میں فنڈ مرکز ہی دستیاب کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے رابطہ سڑکیں مکمل نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائے کہ سڑکوں کے نکاسی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کا نقصان نہ ہو۔