مینڈھر کی’ خونی پلی‘ پر حفاظت کا کوئی بندوبست نہیں مصروف ترین علاقہ ہونے سے کئی انسانی جانیں ضائع ہوئی

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے بنائی گئی ایک پلی پر حفاظت کو کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں متعدد جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں ۔

 

 

گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے سامنے بنائی گئی پلی کے نزدیک گور نمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول مینڈھر کیساتھ ساتھ گرلز مڈل سکول اور ایک نجی سکول بھی قائم ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیادوں پر سینکڑوں بچے موٹر سائیکل اور دو پہیہ گاڑیوں کے ذریعہ کالج اور سکول آتے جاتے ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے پل پر کوئی بھی حفاظتی دیواریں (bridge abutment)تعمیر نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے اس سے قبل کئی نوجوان حادثوں میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مقام کے مصافات میں جہاں 4تعلیمی ادارے قائم ہیں وہائیں متعدد سرحدی دیہات کے لوگ بھی اسی پلی کے راستے سفر کرتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں ایک موٹر سائیکل حادثے میں مذکورہ پلی سے دریامیں گرکر ایک شخص کی موت ہو گئی تھی جبکہ اس سے قبل بھی کئی حادثات رونما ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد مذکورہ پلی کے دونوں طرف حفاظتی بندوبست کیاجائے تاکہ لوگوں کی جانیں بچ سکیں ۔