مینڈھر میں انٹر زون کھیل مقابلوں کا آغاز

انڈر 14 اور انڈر 17 بوائز اینڈ گرلز کیلئے انٹر زون ڈسٹرکٹ لیول ٹورنامنٹ مینڈھر میں شروع ہو گیا۔ ہائر سکینڈری سکول بوائز مینڈھر میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے آفیسران و ملازمین کی قیادت میں مذکورہ مقابلوں کا آغاز کیاگیا ہے ۔اس سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں ایس ڈی ایم مینڈھر جہانگیر خان بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔افتتاحٰ تقریب کے دوران آفیسر موصوف نے کہاکہ پڑھائی کیساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہم ہیں ۔انہوں نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کیساتھ ساتھ ان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے کھیل طلباء کو منشیات کی لت سے دور رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔گزشتہ روز شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 8 جون 2023 کو اختتام پذیر ہوگاجبکہ ان کھیلوں میں والی بال، کھو کھو، کبڈی، شطرنج، کیرم اور بیڈمنٹن شامل ہیں ۔سب ڈویژن مینڈھر کے چار زونز کے تقریباً 300 کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے پہلے دن مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔