مینڈھر قصبہ کی سڑکیں کھڈوں میں تبدیل | پی ایچ ای کی پاپئیں خارج ہونے سے سڑک خراب ہوئی :تاجر

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ کی سڑکیں آہستہ آہستہ کھڈوں میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں تاہم متعلقہ حکام اس کی اصل وجہ معلوم کرنے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے میں ابھی تک پوری طرح سے ناکام ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں و تاجروں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے قصبہ میں پانی سپلائی کرنے والی پاپئیں خستہ حال ہو کر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو ئی ہیں جس کی وجہ سے سڑکو ں میں مذکورہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سپلائی لائنوں کو سڑکوں میں دبایا گیا ہے تاہم ان کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے اب پانی باہر خارج ہورہا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں میں بچھائی گئی تار کول اکھڑنا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں بچھائی گئی تار کول بھی مذکورہ پائپوں میں سے خارج ہونے والے پانی کی وجہ سے اکھڑ گئی ہے تاہم ایس ڈی ایم مینڈھر نے گزشتہ دنوں میں محکمہ جل شکتی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ خستہ حال پائپوں کی جلدازجلد مرمت کی جائے لیکن محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے ابھی تک مرمت نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لے کر متعلقہ محکمہ کے ملازمین اور آفیسران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔