مینڈھر قصبہ میں غیر معیاری تار کول بچھانیکا معاملہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر فنڈز کا غلط استعمال کرنے کا الزا م

جاوید اقبال
مینڈھر // محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے گزشتہ دنوں مینڈھر قصبہ کی کچھ رابطہ سڑکوں پر تارکول بچھائی گئی تاہم دوسری جانب مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں انتہائی غیر معیاری تارکول بچھا کر سرکاری خزانے کو مبینہ طورپر چونا لگانے کی کوشش کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے مینڈھر پولیس سٹیشن اور ملحقہ علاقہ کی سڑک پر تار کول پانی اور مٹی پر بچھا دی جس کے کچھ ہی عرصہ میں اکھڑ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ نے نکاسی نظام اور نالیوں کو درست کئے بغیر ہی تار کول بچھا دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ ایک مقامات پر تار کول پہلے سے قائم سڑک سے بھی کم ڈالی گئی ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ متعلقہ حکام نے انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فنڈز کا غلط استعمال کیا ہے ۔دوسری جانب ایس ڈی ایم مینڈھر نے معائینہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ نالیوں اور نکاسی نظام کو درست کرکے معیاری کام کرئے تاکہ عام لوگوں کو سہولیت مل سکیں ۔