میاں نظام الدین کیانویؒ کا 126 واں عرس دو روزہ تقریبات شروع، عقیدت مند بابانگری پہنچ گئے

ارشاد احمد

گاندربل// بابانگری وانگت کنگن میں میاں نظام الدین کیانویؒ کے 126 واں کی دو روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اوراس میں شرکت کرنے کیلئے سینکڑوں کی تعداد میںعقیدت مند پہنچ گئے ہیں۔دو روزہتقریبات کے سلسلے میں قرآن خوانی، درود اذکار اورخطمات و معظمات کی پر وقار مجالس منعقد ہورہی ہیں۔ بدھ اور جمعرات شب خوانی ہورہی ہے جس میں علماء ئے دین حصہ لیں گے اور اسلام کے فلسفہ پر روشنی ڈالیں گے۔

 

 

عرس میں شرکت کرنے والے عقیدت مندوں کے لئے قیام کیلئے سرائے اور عارضی مہمان خانے بنائے گئے ہیں جن میں سینکڑوں کی تعداد میںلوگ رات بسر کریں گے۔ بابانگری میں واقع زیارت پرہر روز لنگر چلتا رہتا ہے لیکن عرس میں شرکت کرنے والے لوگوں کیلئے کھانا تیار کیا جاتا ہے جس کے ساتھ مکئی کی روٹی اور لسی بھی دی جاتی ہے۔عرس میں ایک خاص قسم کا پکوان “میٹھے چاول” تیار کئے جاتے ہیں جن کو پنجاب سے خاص طور پر بلائے گئے خانساماں تیار کرتے ہیں۔ “میٹھے چاول” خالص گھی میں پکائے جاتے ہیں جسے عرس میں موجود رضاکار مکئی کی روٹی اور لسی کیساتھ مہمانوں کو کھلاتے ہیں۔بہت سارے لوگ میٹھے چاول تبرک کے طور پر گھر بھی لے جاتے ہیں۔ لنگرمیں پانچ ہزار سے زائد ترامیاں رکھی گئی ہیں جن میں عقیدت مندوں کو کھانا فراہم کیا جائیگا۔لنگر میں میاں نظام الدین لاروی ؒ کے ہاتھوں نصب کی گئی بہت بڑی دیگ ہے جس میں بیک وقت ایک کونٹل گوشت پکایا جاتا ہے۔عرس میں شرکت کرنے والے عقیدت مندوں کے قیام اور طعام کی نگرانی سجادہ نشین میاں الطاف احمدکررہے تھے۔