مہدی حسن کی ریکارڈ اننگ مشکل حالات میں ٹیم کیلئے دھماکہ دار سنچری بنائی

نئی دہلی// ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جارہی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کو ایک کھلاڑی کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے مہدی حسن معراج نے لگاتار دوسرے میچ میں کچھ ایسا کردیا، جس کی وجہ سے ان کا نام تاریخ کے صفحات میں درج ہوگیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے میچ میں سات وکٹوں کے نقصان کے پر 271 رنز بنائے ہیں۔ مہدی حسن نے انتہائی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو اس اسکور تک پہنچایا۔بنگلہ دیش کے مہدی حسن نے ہندوستان کے خلاف لگاتار دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مشکل حالات میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کیلئے دھماکہ دار سنچری بنائی۔ ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے کیلئے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم نے 69 رنز پر 6 وکٹ گنوادئے تھے۔ یہاں سے مہدی نے آکر محموداللہ کے ساتھ ایسی شراکت داری کی، جس نے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ ساتویں وکٹ کیلئے 148 رنز اورآٹھویں وکٹ کیلئے 54 رنز کی ناٹ آوٹ شراکت داری کرکے انہوں نے اسکور کو 271 رنز تک پہنچادیا۔اس سے پہلے اتوار چار دسمبر کو کھیلے گئے ون ڈے میں مہدی حسن نے اپنی بلے بازی سے میچ کا رخ ہی پلٹ دیا تھا۔ ہندوستان کے خلاف 187 رنز کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری میزبان ٹیم نے 136 رنز پر نو وکٹ گنوا دئے تھے۔ اس کے بعد مہدی نے مستفیض الرحمان کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کیلئے 50 سے زیادہ رنز کی شراکت داری کرکے میچ میں ٹیم کو جیت دلائی۔بنگلہ دیش کیلئے مہدی نے دوسرے ون ڈے اننگز میں آخری گیند پر ایک رن لے کر سنچری پوری کی۔