مکئی کی بوائی پر پابندی کی افواہیں | کسان سالانہ بوائی معمول کے مطابق کریں: محکمہ

راجوری//اس زرعی سیزن میں مکئی کی فصل کی بوائی پر پابندی کی افواہوں کی وجہ سے راجوری ضلع کے کسانوں میں خوف وہراس پھیل رہا ہے تاہم دوسری جانب چیف ایگریکلچر آفیسر راجوری سوہن سنگھ نے منگل کو واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے اور کسانوں کو اپنی فصل کی بوائی معمول کے مطابق کرنی چاہیے۔حالیہ دنوں میں خاص طور پر دیہی علاقوں میں ایک افواہ تیزی سے پھیلی جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ حکام اس سیزن میں مکئی کی فصل کی بوائی پر پابندی لگانے جا رہی ہے ۔

 

اس افواہ کی وجہ سے کسان مخمصے کا شکار ہو گئے تھے ۔چیف ایگریکلچر آفیسر راجوری، سوہن سنگھ نے منگل کو اس گفتگو کو افواہ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے مکئی کی فصل کو اپنے سالانہ معمول کے مطابق بونے کی اپیل کی ۔آفیسر موصوف نے کہاکہ ’’ہم نے مکئی کی فصل کی بوائی پر پابندی کے بارے میں عوام میں کچھ باتیں دیکھی ہیں لیکن انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب افواہ ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ’’نہ تو ضلع انتظامیہ اور نہ ہی محکمہ زراعت یا کسی اور سرکاری ادارے نے مکئی کی فصل کی بوائی پر پابندی لگانے کا کوئی حکم یا ہدایت جاری نہیں کی ہے۔انہوں نے راجوری کے کسانوں سے مزید کہا کہ وہ مکئی کی فصل کو اپنی سالانہ زرعی مشق کے مطابق بوئیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔