مڈل سکول شیل کنڈ سنگلدان میں100طلباء کیلئے محض دو اساتذہ غیرضروری اٹیچ منٹ اور عملہ کی قلت کے خلاف طلباء و والدین کا احتجاج

زاہدبشیر

گول//سکولوں میں تدریسی عملہ کے خلاف زون گول کے شیل کنڈ سنگلدان میں مڈل سکول میں تدریسی عملے کی شدید قلت کے خلاف طلباء و والدین نے گول رام بن شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سکول میں اس وقت سوسے زائد طلباء زیر تعلیم ہیںاور ان کے لئے صرف دو اساتذہ ہیں جبکہ باقی اساتذہ کو اٹیچ رکھا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ انہیں خوشی تھی کہ یہاں پر مڈل سکول کا قیام عمل میں لایا گیا اوراس سکول میں پہلے دو سو سے زائد بچے زیر تعلیم تھے لیکن اساتذہ کی قلت کی وجہ سے یہاں پر والدین نے اپنے بچوں کو ہڑوگ اور سنگلدان کے سکولوں میں پڑھائی کے لئے داخل کیا۔والدین کا کہنا ہے کہ سکول میں صرف ایک ماسٹر پڑھاتی ہے جبکہ ایک سکولی کاغذی کاروائی میں مصروف رہتا ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ دو مدرس اورایک پی ٹی ماسٹر سکول میں موجود ہوتے ہیں جبکہ یہاں پر اسامیاں ہیں اور ان کو نا جانے کس بناء پر دوسرے سکولوں میں اٹیچ کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سکول میں والدین بچوں کی پڑھائی کو متاثر دیکھتے ہوئے یہاں سے اُٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ کئی مرتبہ سکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ سکول میں تدریسی عملے کی قلت کودور کیاجائے لیکن یہاں کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔مظاہرین نے کہاکہ اگر جلداز جل سکول میں مزید اساتذہ کو تعینات نہیں کیاگیا توہم ڈی سی رام بن کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کے لئے مجبورہوں گے۔