مودی کے دورہ امریکہ کی تیاری جوبائیڈن کے مشیر قومی سلامتی کا بھارت دورہ

نیویارک //امریکی صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے واشنگٹن کے سرکاری دورے سے قبل حتمی تیاریوں کے لیے آئندہ ہفتے بھارت جا رہے ہیں۔ان کے دورہ بھارت کی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کردی ہے۔امریکا، بھارت کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، واشنگٹن دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے ساتھ مضبوط تر فوجی اورصنعتی تعلقات کو خطے میں چین کے بڑھتے اثر ورسوخ کو روکنے کے لیے اہم جوابی اقدام کے طور پر دیکھتا ہے، تعلقات میں یہ گرم جوشی اس حقیقت کے باجود برقرار ہے کہ دونوں ممالک روس کے یوکرین پر حملے سے نمٹنے کے طریقہ کار پر اختلافات رکھتے ہیں۔وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ جیک سلیوان نریندر مودی کے 22 جون کے سرکاری دورے سے قبل امریکا اور بھارت کے درمیان اہمیت کے حامل اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے بھارتی حکام سے ملاقات کریں گے۔سینئر عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ جیک سلیوان سرکاری دورے کے نتائج کا جائزہ لیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔گزشتہ مئی میں جو بائیڈن اور نریندر مودی نے دو طرفہ تنقیدی اور ابھرتی ٹیکنالوجی جیسے آئی سی ای ٹی کا نام دیا گیا، اقدام کا اعلان کیا اور اپنی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ مصنوعی ذہانت سے لے کر سیمی کنڈکٹر چپس، کوانٹم کمپیوٹنگ اور خاص طور پر دفاع میں جدید ٹیکنالوجی پر مل کر کام کریں۔