مودی کی اماراتی صدر کے ساتھ ملاقات جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا

 

نئی دہلی//یواین آئی//وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جی-7 سربراہی اجلاس سے واپسی کے راستے میں ایک مختصر وقفہ کیا۔ اس دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ وہ سابق صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کے لیے پہنچے تھے ۔ مسٹر نہیان کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر اعظم مودی نے ہندوستان-یو اے ای جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-یو اے ای جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں مزید گہرائی اور متنوع بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم مودی نے النہیان کو متحدہ عرب امارات کے تیسرے صدر منتخب کئے جانے اور ابوظہبی کا حکمران بننے پر مبارکباد دی۔

 

وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں 3.5 ملین ہندوستانی کمیونٹی کی خاص طور پر کووڈ-19 وبائی امراض کے دوران دیکھ بھال کی۔ انہوں نے شیخ نہیان کو جلد از جلد ہندوستان آنے کی دعوت دی۔وزیر اعظم نریندر مودی جی 7 سربراہی اجلاس سے واپسی پر منگل کو یو اے ای پہنچے ۔ ان کا یہاں ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیاکہ ابوظہبی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کرنے کے لیے میرے بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے خصوصی اشارے سے بہت متاثر ہوں۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک ویڈیو پیغام میں اسے ‘خصوصی اشارہ’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان اور شاہی خاندان کے افراد وزیر اعظم مودی سے ملنے اور بات چیت کرنے کے لیے یہاں ہوائی اڈے پر آئے تھے تاکہ وزیر اعظم کو ان سے ملنے کے لیے شہر تک نہ جانا پڑے ۔