منڈی قصبہ میں سڑک کی حالت نا گفتہ بہہ جی او کیبل ڈالنے کے دوران تباہ ہوئی سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا

عشرت حسین بٹ

منڈی// تحصیل منڈی کے صدر بازار کی حالت ناگفتہ بہہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے بازار میں چلنے والے لوگوں کیساتھ ساتھ تاجروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل ایک نجی کمپنی کی طرف بازار میں جی او فائبرڈالنے کا کام کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ایک کلو میٹر سڑک کی کھدائی کر کے فائبر کو بچھایاگیا تھا اور اس کے بعد سڑک میں جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑگئے لیکن ایک ماہ گزر جانے کے باوجود بھی سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا وہیں جی او فائبرڈالنے والی نجی کمپنی کے ٹھیکیدارکا کہنا ہے کہ انہوں نے فائبر ڈالنے سے قبل ہی محکمہ تعمیرات عامہ کو سڑک کو بہتر بنانے اور اس پر تارکول ڈالنے کے لئے 22لاکھ روپے دئیے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ہی انہوں نے کام شروع کیا اور ایک ماہ قبل انہوں نے فائبر ڈالنے کا کام ختم بھی کر دیا۔ منڈی بازار کی سڑک پورے طرح سے اکھڑ گئی ہے جس کی وجہ سے اٹھنے والاگرد و غبارعام تاجروں ،مکینوں و عام لوگوں کیلئے شدید پریشانی کا پاعث بن رہا ہے ۔تاجروں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے اٹھنے والی مٹی ان کا ساز و سامان کو خراب کرنے کیساتھ ساتھ ان کے کارو بار کو بھی متاثر کررہی ہے ۔ ایک دوکاندار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گرد و غبار کی وجہ سے ان کی دکانوں میں رکھا ہوا سامان پوری طرح سے تباہ ہو گیا ہے اور اب وہ قابل فروخت بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرد و غبار اٹھنے کی وجہ سے بیماری پھل نے کاخدشہ ہے ۔منڈی صدر مقام کے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے آفسران پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے نجی کمپنی سے تارکول ڈالنے کے لئے ایڈوانس میں رقم لی ہے تو ابھی تک بازار میں تارکول کیوں نہیں بچھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک پر جلدازجلد تار کول بچھایا جاسکے ۔اس سلسلہ میں جب کشمیر عظمیٰ نے متعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے فون نہیں اٹھایا ۔