منڈی دریا کنارے حفاظتی باندھ تعمیر نہیں | سرکاری و غیر سرکاری عمارتیں متاثر ہونے کا خدشہ ،توجہ کی اپیل

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے صدر بازار، بوائز ہائر سکنڈری سکول، سب ضلع ہسپتال منڈی اور امامیہ پارک منڈی دریا کی زد میں ہیں۔ دریائے منڈی جس میں اکثر فلڈ آجاتا ہے اور پانی کی مقدار بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔دریا میں طغیانی کے دوران اکثر کسی نہ کسی طرح کا نقصان اٹھانا ہڑتا ہے۔اب جب مون سون میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اس دوران لوگ فلڈ کے خدشات سے سخت پریشان۔سرپنچ حلقہ پنچایت منڈی مبشر حسین پانڈے نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارہا انتظامیہ کو اس طرف متوجہ کرنے کے باوجود کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ منڈی دریا میں فلڈ کی وجہ سے پہلے بھی کئی بار یہاں کے عوام کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منڈی میں سرکاری سب ضلع ہسپتال منڈی،بوائز ہائیر سکینڈری سکول منڈی اور امامیہ پارک دریا کی زد میں ہیں باندھ نہ ہونے کی وجہ سے منڈی کے صدر بازار کو بھی سخت خطرہ ہے کسی بھی وقت اگر دریا میںتغیانی آئی تو ان عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈی کا قدیم باندھ آہستہ آہستہ دریا کے ساتھ بہتا رہا ہے اور اب مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اس لئے ضرورت ہے کہ وہاں پر پختہ باندھ تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امامیہ پارک تا بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی کی تمام سرکاری و غیر سرکاری عمارات جو کہ باندھ نہ ہونے کی وجہ سے دریا کی زد میں۔ وہاں پختہ باندھ کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحصیلدار منڈی خود جاکر معائنہ کریں اور باندھ تعمیر کروائیں وگرنہ کسی بھی نقصان کی صورت میں وہ ذمہ دار ہوں گے۔