منڈی۔ پھاگلہ رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار درجنوں پنچایتوں کی عوام متاثر ،سڑک کی مرمت کا مطالبہ

حسین محتشم

پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں منڈی – پھاگلہ سڑک کی خستہ حالی اور تعمیر و مرمت میں سست روی کو لیکر عوام نے ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ سرحدی ضلع پونچھ میں تحصیل منڈی کو پھاگلہ سڑک کے ذریعے مغل روڑ اور دیگر شاہراہوں سے ملانے والی منڈی – پھاگلہ شاہراہ کا کام تقریبا تیس سال سے جاری ہے جو مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے جتنی سڑک تعمیر کی گئی ہے اس کی خستہ حالی کے سبب عوام نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔سابقہ سرپنچ طارق منظور نے کہا کہ قریب 1970کی دہائی میں اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہوا جو ’’نا معلوم وجوہات کی بنا پر اب تک مکمل نہ ہوسکا۔‘‘انہوں نے سْست رفتاری سے چل رہے کام کو لیکر انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک اور مقامی باشندے نے کو بتایا کہ ’’منڈی، سرنکوٹ کی قریب 35پنچایتوں کے عوام کو ہر روز اسی سڑک کے ذریعے سفر کرنا پڑتا ہے اور روزانہ اس خستہ حال سڑک پر سفر کے دوران انہیں گونا گوں پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے۔‘‘سڑک پر مختلف مقامات پر گہرے گڑھے بن چکے ہیں اور معمولی بارشوں کی وجہ سے وہ تالاب کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا خستہ حال سڑک کی وجہ سے اس پر گزرنے والی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑتا ہے جو کہ مقامی گاڑی مالکان کے لیے ایک ذہنی کوفت کے مانند ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے سڑک کی مرمت کے حوالے سے کئی بار متعلقہ محکموں سے رجوع کیا تاہم متعلقہ افسران نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی گزارش کی۔