منشیات کے خلاف سی بی آئی کا آپریشن، 127 کیس درج، 175 ملزم گرفتار

نئی دہلی// سی بی آئی نے انٹرپول کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کاروائی کی ہے اور سی بی آئی نے آپریشن گروڈا شروع کیا ہے۔ جس کے تحت 127مقدمات درج کر کے 175ملزمان کو گرفتار کر کے مختلف اقسام کی منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی گئی ہے۔یہ آپریشن عالمی سطح پر کیا گیا، جس میں انٹرپول کے تعاون سے این سی بی اور ریاستی پولیس کی مدد بھی لی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرپول اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرنے کے لیے ایک عالمی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ بحر ہند کے علاقے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی غیر قانونی اسمگلنگ سے نمٹا جا سکے ۔ منشیات کی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کو پکڑنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر قانون کے نفاذ کی ضرورت ہوتی ہے ۔سی بی آئی نے کہا کہ سی بی آئی اور این سی بی معلومات کے تبادلے ، تجزیہ اور آپریشنل معلومات حاصل کرنے کے لیے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کر رہی ہیں۔