منشیات ملی ٹینسی سے زیادہ خطرناک، امسال 2000افراد گرفتارـ: ڈی جی پی

نیوز ڈیسک

جموں// پولیس ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ پاکستان اور اس کی ایجنسیاں ڈوڈہ،کشتواڑ،رام بن رینج میں نوجوانوں کو گمراہ کرکے ملی ٹینسی کے اڈے کو بحال کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ڈوڈہ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کے مسکراتے چہرے علاقے میں اچھے وقت کی واپسی کی نشاندہی کرتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ نوجوان امن کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا تعاون فراہم کریں گے۔ڈی جی پی نے نوجوانوں پر منشیات سے پاک معاشرے کا پیغام پھیلانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ منشیات کا استعمال آج دہشت گردی سے بڑا دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی افراد کو نشانہ بناتی ہے لیکن منشیات مجموعی طور پر خاندانوں اور معاشرے کو متاثر کرتی ہیں اور مزید کہا کہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی طرح جموں و کشمیر میں منشیات کی لعنت کو پھیلانے کا ذریعہ بھی پاکستان ہے جو ہمارے نوجوانوں کو تباہ کرنے اور دہشت گرد گروپوں کے لیے فنڈز پیدا کرنے کا ناپاک ارادہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ نئے لوگ منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہو رہے ہیں یہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ان افراد کی نشاندہی کرے اور ان کے خلاف کارروائی میں پولیس کی مدد کرے۔ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے کاروبار کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سال کے دوران اب تک تقریباً 1200 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 2000 ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔