منجاکوٹ میں محکمہ دیہی ترقی کا پہیہ جام کوٹلی میں رابطہ پل برسوں بعد بھی تشنہ تعبیر

پرویز خان

منجا کوٹ // راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ میں محکمہ دیہی ترقی کے متعدد پروجیکٹ گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے دیہات میں رہائش پذیر لوگوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔تحصیل کے کوٹلی کالابن علاقہ میں برسوں قبل محکمہ کی جانب سے ایک رابطہ پل تعمیر کروانے کا عمل شروع کیاگیا تھا لیکن ابھی تک مذکورہ پل کی تعمیر کا ختمی شکل نہیں دی جاسکی ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہاکہ برسوں قبل اس پل کی تعمیر کا عمل شروع ہوا تھا لیکن محکمہ نے کام مکمل نہیں کروایا ہے ۔

 

 

غور طلب ہے کہ جس مقام پر مذکورہ پل کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے وہائیں سے 2014کے سیلاب کے دوران 3افراد نالے میں بہہ گئے تھے ۔لوگوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت لاکھوں روپے خرچ کر کے پروجیکٹ شروع کرواتی ہے لیکن متعلقہ تعمیراتی ایجنسیاں ان پروجیکٹوں کو مکمل کرنے میں ناکام رہتی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی پریشانی کم نہیں ہو تی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ پل کی تعمیر کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے محکمہ کو جوابدہ بنایا جائے ۔