ملک کا تحفظ اولین ترجیح :راج ناتھ سب سے ہلکادیسی جنگی ہیلی کاپٹر فضائیہ میں شامل

نئی دہلی// دیسی جنگی ہیلی کاپٹر ہندوستانی فضائیہ میں شامل ہوگیا۔ یہ خود انحصار ہندوستان کی طرف بڑھتا ہوا ایک اہم قدم ہے۔ ہندوستانی فضائیہ نے پیر کو ہندوستان میں تیار کردہ ‘پرچنڈ’ نامی جنگی ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ کو شامل کیا۔ لائٹ کمبیٹ ہیلی کاپٹر(LCH) کو باضابطہ طور پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں فضائیہ میں شامل کیا گیا ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ‘سرو دھرم پوجا’ کے بعد ہندوستانی فضائیہ کا پہلا دیسی جنگی ہیلی کاپٹر فضائیہ کے حوالے کیا۔راج ناتھ سنگھ کے علاوہ ملک کے نئے سی ڈی ایس جنرل انیل چوہان اور چیف آف ایئر اسٹاف چیف مارشل وی آر چودھری بھی اس موقع پر جودھ پور ایئربیس پر منعقدہ پروگرام میں موجود تھے۔بین مذہبی عبادات کے بعد 10 ایل سی ایچ ہیلی کاپٹرز کو فضائیہ میں شامل کیا گیا۔اس ہلکے جنگی ہیلی کاپٹر کو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ(HAL) نے تیار کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کا پہلا دیسی ایل سی ایچ آج ہندوستانی فضائیہ میں شامل ہوگیا ہے۔ ایل سی ایچ کی آمد ہماری فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ دفاعی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اسے یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ آنے والے وقتوں میں جب بھی دنیا میں فوج کی طاقت سمیت سپر پاور کی بات ہو گی، ہندوستان کا شمار سب سے پہلے آئے گا۔