ملک میں زچگی کی شرح اموات میں نمایاں کمی

نئی دہلی//یو این آئی// ملک میں زچگی کی شرح اموات (ایم ایم آر) میں زبردست کمی درج کی گئی ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق سال 2014-16 میں زچگی کی شرح اموات 130 فی لاکھ تھی جو سال 2019-20 میں کم ہو کر 97 رہ گئی ہے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے قومی صحت پالیسی میں ایم ایم آر کا ہدف حاصل کر لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر آٹھ ریاستوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق ایم ایم آر حاصل کیا ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ صحت کی مختلف پالیسیوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی معیاری زچہ و بچہ کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے اقدامات نے ایم ایم آر کو نیچے لانے میں زبردست مدد کی ہے ۔ہندوستان کے رجسٹرار جنرل کے ذریعہ جاری کردہ ایم ایم آر پر خصوصی بلیٹن کے مطابق، ہندوستان میں زچگی کی شرح اموات (ایم ایم آر) میں چھ پوائنٹس کی بہتری آئی ہے اور اب یہ 97 فی لاکھ زندہ پیدائش پر ہے ۔مسٹر منڈاویہ نے کہا کہ ایم ایم آر کی شرح میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے ۔ ایم ایم آر کے لیے قومی صحت پالیسی (این ایچ پی) کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے اور 2030 تک 70 فی لاکھ زندہ پیدائش کے ایس ڈی جی ہدف کو حاصل کرنے کے راستے پر ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق کیرالہ (19)، مہاراشٹر (33)، تلنگانہ (43)، آندھرا پردیش (45)، تمل ناڈو (54)، جھارکھنڈ (56)، گجرات (57) اور کرناٹک (69) ہیں۔