ملائیشیا اوپن: سندھو دوسرے راؤنڈ میں پہنچی، سائنا باہر

 

کوالالمپور//سابق عالمی چمپئن پی وی سندھو بدھ کو ملائیشیا اوپن کے ویمنس سنگلز مقابلے کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ سائنا نہوال پہلے راؤنڈ میں ہی ہار کر باہر ہو گئیں۔ سندھو نے اکزائٹا ارینا میں پہلے راؤنڈ کے میچ میں تھائی لینڈ کی پورنپاوی چوچوونگ کو 21-13, 21-17 سے شکست دی۔ دوسری طرف سائنا جو مئی میں منعقدہ تھائی لینڈ اوپن کے بعد پہلی بار مقابلہ کر رہی ہیں، امریکہ کی ایرس وانگ سے 11-21، 17-21 سے ہار گئیں۔ سندھو نے میچ کے شروع میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وقفے تک چار پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔ وقفے کے بعد 16-13 کی برتری حاصل کرنے والی سندھو نے لگاتار پانچ پوائنٹس جیت کر میچ میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔ پورن پاوی نے دوسرے گیم میں سندھو کو سخت مقابلہ کیا۔ ایک موقع پر کھیل 17-17 سے برابر تھا لیکن سندھو نے ایک بار پھر واپسی کرتے ہوئے لگاتار چار پوائنٹس حاصل کرکے میچ جیت لیا۔ سندھو اور پورن پاوی نو بار آمنے سامنے آچکے ہیں جس میں سندھو نے چھ بار کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پورن پاوی تین بار جیت چکی ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ پاروپلی کشیپ نے کوریا کے ہیو کوانگ ہی کو 21-12، 21-17 سے شکست دی۔ وہ ایچ ایس پرنائے کے بعد ملائیشیا اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے والے دوسرے ہندوستانی بن گئے ۔