مقررہ وقت کے بعد گھنٹوں شاہراہ بند رہی مقامی ٹرانسپورٹروں کا اظہارِ برہمی، مسافر درماندہ

محمد تسکین

بانہال// بدھ کے روز امرناتھ یاترا گاڑیوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر روک دی گئی تھی اور یاترا کے روانہ ہونے کے گھنٹوں بعد ہی سیولین ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ بانہال کے مقامی تاجر، رضاکار اور مقامی پنچ مختیار نبی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جواہر ٹنل سے گزرنے والے ٹریفک کو بھی جواہر ٹنل کے دونوں طرف کئی گھنٹوں تک روک دیا گیا جبکہ حکام نے یاترا کے دوران اس شاہراہ سے چلنے کی اجازت دینے کا اعلان ٹریفک ایڈوائزری کے زریعے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشن چوک بانہال میں فورلین شاہراہ پر تمام ٹریفک کو دوپہر دو بجے تک روکے رکھا گیا اور کسی بھی گاڑی اور سینکڑوں مسافروں کو ہلنے کی بھی اجازت نہ دی گئی۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ یاترا کے دوران کشمیر وادی کی طرف جانے والے مقامی ٹریفک خصوصاً مریضوں، سرکاری ملازمین اور سکول و کالج جانے والے بچوں کی نقل وحرکت کیلئے کوئی ضابطہ طے کیا جائے تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔