مقامی دفاعی اہلکاروں کیلئے ایکس گریشیا ریلیف ۔5لاکھ سے بڑھا کر25لاکھ کرنے کی منظور ی،بلاور ،راجوری میں ہسپتالوں کو منظوری

نیوز ڈیسک

سرینگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میںڈیفنس فورس کے اہلکاروں، جن کا تعلق جموںوکشمیر سے ہے اور جموںوکشمیر کے اندر یا باہر شہادت پاتے ہیں، کے قریبی رشتہ داروں کے لئے ایکس گریشیا رریلیف میں اضافہ کرنے کو منظوری دی گئی۔ایکس گریشیا ریلیف میں 5لاکھ روپے سے بڑھا کر 25لاکھ روپے تک کی منظور ی دی جو جموںوکشمیر سے تعلق رکھتے ہیں اور جموںوکشمیر یوٹی کے علاقائی دائرہ اختیار میں شہادت حاصل کرتے ہیں۔

 

اِن دفعات کو یکم ؍ فروری 2022ء سے نافذ کیا جائے گا۔اِنتظامی کونسل میٹنگ میںٹرانسپورٹ نگر نروال جموں میں روڈ نیٹ ورک اور اس سے منسلک بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اَپ گریڈیشن کے لئے جموں میٹرو پولیٹن ریجنل ڈیولپمنٹ اَٹھارٹی ( جے ایم آر ڈی اے ) کی تجویز کو اِنتظامی منظور ی دی ،جس کی تخمینہ لاگت 33.57 کروڑ روپے ہے اور یہ پروجیکٹ 12ماہ میں مکمل ہوگا۔اِنتظامی کونسل میٹنگ میں لمبیری راجوری میں 100بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال کی تعمیر کے لئے محکمہ صحت و طبی تعلیم کی تجویز کو منظور ی دی۔منظور شدہ ہسپتال نیشنل ہیلتھ مشن ( این ایچ ایم ) کے تحت تعمیر کیا جائے گا جس کی تخمینہ لاگت 47.232کروڑ روپے ہے اور یہ 2024-25 تک مکمل ہو جائے گا۔اِنتظامی کونسل نے بلاور ، کٹھوعہ میں 30 بستروں پر مشتمل کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کو 100بستروں والے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں اَپ گریڈ کرنے کی بھی منظور ی دی جس کی تخمینہ لاگت 28.18 کروڑ روپے ہے ۔یہ پروجیکٹ مالی برس 2023-24 میں مکمل ہوگا۔