مغل شاہراہ پر مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام | پولیس نے 45 کے قریب مویشیوں کو بازیاب کروا لیا

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ باراستہ مغل شاہراہ گزشتہ روز مویشیوں کی بڑی اسمگلنگ کی کوشش کو پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے جس میں 45 کے قریب مویشیوں کو بازیاب کرایا گیا۔ ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا کی ہدایت پر عبوری تعینات ڈی ایس پی مینڈھر سرنکوٹ شیزان بٹ و نائب ایس ایچ او سرنکوٹ شفیق خان اور انچارج پولیس چوکی بہرام گلہ کی سربراہی میں بہرام گلہ ڈوگریاں و پوشانہ کے مقامات پر ناکے لگائے جس کے دوران مویشی سمگلنگ کی مذکورہ کوشش کو ناکام بنادیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی کے دوران مویشیوں سے بھر تین ٹرکوں کو روکا گیا جس کے دوران مذکورہ مویشیوں کو باز یاب کروالیا گیا ۔پولیس نے اس دوران سمگلروں کو بھی گرفتار کرلیا جن کی شناخت غلام عباس ،محمد حسین راجوری اور عابد خان ولد مشتاق خان سکنہ ہرنی مینڈھرجبکہ نثار احمد ولد غلام قادر خان سکنہ اننت ناگ شامل ہیں ۔پولیس نے اس عمل میں ملوث گاڑیوں زیر نمبر JK01AC 0948، JK02BM 5525 اور JK12B 3974 کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ اس سلسلسہ میں کیس پولیس سٹیشن میں درج کر کے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔