مغل شاہراہ سے700سے زائد میوہ ٹرکوں کی روانگی سرنکوٹ سے بفلیاز تک شاہراہ کی حالت خستہ

سمت بھارگو

راجوری//جمعرات کومغل شاہراہ سے شام 6بجے تک وادی سے باہر جانے والے قریب 700ٹرک روانہ ہوئے۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج آفتاب شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مغل روڈ پر جمعرات کو دن بھر کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق رہی۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو1100 سے زائد گاڑیاں شاہراہ سے گزریں جو معمول سے زیادہ ہیں اور پھلوں سے لدے سات سو ٹرک ٹریفک کا حصہ تھے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات شام 6 بجے تک پھلوں سے لدے 700 ٹرک سڑک پر گزرے اور تقریباً تمام ٹرکوں میں سیب لدا ہوا تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ مغل روڈ پر ٹرکوں کی آمدورفت کو ہر ممکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔کیونکہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کی جانب سے پہلے ہی ہدایات موصول ہوچکی ہیں۔ڈی ایس پی نے کہاکہ اس تعداد میں رات گئے تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ شام 6 بجے تک سات سو کی تعداد، جو شام کے دیر تک مزید بڑھے گی، معمول سے کہیں زیادہ ہے۔دریں اثناء راجوری اور پونچھ کے لوگوں نے بفلیاز سے سرنکوٹ تک سڑک کی حالت فوری طور بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ یہ سڑک لوگوں کے لئے بڑی رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے۔مقامی لوگوں نے کہاکہ بفلیاز سے سرنکوٹ کے درمیان سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے، جس پر گاڑی چلانا بھی مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راجوری تھنہ منڈی سرنکوٹ سڑک کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے لیکن اس پروجیکٹ کی تکمیل میں وقت لگے گا اور حکومت کو فوری طور پر سرنکوٹ بفلیازسڑک پر مرمت کا کام شروع کرنا چاہیے۔