معاملہ ایس ایس آر بی امتحانات کا|| سِنگل بینچ آرڈر پر امتناع بھرتی ادارے کے سبھی امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جائیں:عدالت عالیہ

نیوز ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے جمعہ کو اپنے سنگل بنچ کے فیصلے پر روک لگا دی جس نے جونیئر انجینئر (محکمہ جل شکتی) اور سب انسپکٹر (پولیس) کے عہدوں کے انتخاب کے عمل کو منسوخ کر دیا تھا۔جسٹس ونود چٹرجی کول اور سندھو شرما کی ڈویژن بنچ نے تاہم سروس سلیکشن بورڈ پر اس بات کی پابندی لفا دی کہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک نتائج ظاہر نہ کئے جائیں۔بھرتی ادارے کو چار ہفتوں کے اندر عدالت میں تحقیقات کے سلسلے میں اپنے تمام عذرات سامنے رکھے ۔عدالت نے ایک بیان میں کہ کہا” اپیل کنندہ (JKSSB) ،جونیئر انجینئر (محکمہ جل شکتی) اور سب انسپکٹر (ہوم ڈیپارٹمنٹ) کے انتخاب کے عمل کے ساتھ ترتیب کیساتھ آگے بڑھے گا، تاہم، اس کے نتیجے میں اس عدالت کے مزید احکامات کا انتظار رہے گا،” ۔

 

عدالت کے سنگل بنچ کے فیصلے کے بعد، JKSSB نے سب انسپکٹر کے لیے کمپیوٹر پر مبنی امتحان کو اگلے نوٹیفکیشن تک ملتوی کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ جموں کشمیر ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے جمعرات کو سروس سلیکشن بورڈ کی طرف سے جونیئر انجینئر (سول) محکمہ جل شکتی اور جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر کے عہدوں کے لیے منعقد ہونے والے امتحان کو منسوخ کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ SSRBکے طرز عمل کی انکوائری کرنے کے لیے ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے۔عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ایس ایس آر بی کی جانب سے کی گئی بے ضابطگیوں کی انکوائری کرے اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی شروع کی جائے۔عدالت عالیہ نے اپنے46صفحات کے فیصلے میں کہا”حکومت کو ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جاتی ہے جس کی سربراہی کم از کم ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کریں جو جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے طرز عمل کی انکوائری کرے تاکہ امتحانی عمل کے دوران شرائط و ضوابط کو تبدیل کرنے اور بے قاعدگیوں و غیر قانونی کاموں کی تحقیقات کی جا سکے۔ ، یہ بھی کہا گیا کہ ایک ایسی کمپنی کے ذریعہ امتحان کروانے کا معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر پہلے ہی امتحانات میں بدعنوانی کی سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے اور اس کے مطابق قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی شروع کی جائے، “۔سنگل بینچ کے فیصلے کو ایس ایس آر بی نے ڈویژن بینچ میں چیلنج کیا اور جمعہ کو ڈبل بینچ نے بھرتی ادارے کو راحت دی تاہم اسے پابند بنایا گیا کہ وہ عدالتی کارروائی مکمل کرے۔

 

۔11سے 19 دسمبر تک سبھی امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جائینگے
سرینگر //جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے کہا ہے کہ سب انسپکٹر کے عہدے کے لئے کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان جو 09-12-2022 کو منعقد ہونا تھا۔ اب20دسمبرکو منعقد ہوں گے اس کے علاوہ 11.12.2022 سے 19.12.2022 تک ہونے والے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں کنٹرولر آف امتحانات، JKSSB کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹس میں تمام ایسے امیدواروں کی مطلع کیا گیا ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدواروں کے 9-12-2022 کے امتحان کے لیے ڈان لوڈ کیے گئے ایڈمٹ کارڈز 20-12-2022 کے امتحان کے لیے درست نہیں ہوں گے اور امیدواروں کو CBT امتحان کے لیے نئے سرے سے ایڈمٹ کارڈ ڈان لوڈ کرنے ہوں گے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 20-12-2022 کے امتحان کے لیے تازہ لیول 1 اور لیول 2 کے ایڈمٹ کارڈز JKSSB کی ویب سائٹ پر بالترتیب 13-12-2022 اور 17-12-2022 تک دستیاب رہیں گے۔”