مشیربھٹناگر کا ایڈز کے عالمی دن کے پروگرام سے خطاب متعلقین پر ایڈز سے جُڑے بدنما داغ کو ختم کرنے کا پختہ عزم کرنے پرزور

نیوز ڈیسک

جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ ایڈز کے اس عالمی دن پر ہم سب کو اس ایڈز سے لڑنے اور اپنے معاشرے میں اس خاموش قاتل کو ختم کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہئے ۔ مشیر نے یہ باتیں یہاں پدم شری پدم سچدیو ( پی پی ایس ) گورنمنٹ پی جی کالج فار ویمن ( جی سی ڈبلیو ) گاندھی نگر میں عالمی یومِ ایڈز پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس پروگرام کا اہتمام جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی ( جے کے اے سی ایس ) نے پدم شری پدم سچدیو گورنمنٹ پی جی کالج فار ویمن کے ساتھ مل کر کیا تھا جس کا عنوان ’’ مساوات : ایچ آئی وی کے خاتمے کیلئے مساوات کا حصول ‘‘ تھا ۔ طلباء ، طبی محققین ، ڈاکٹروں ، کالج فیکلٹی اور محکمہ صحت کے دیگر سینئر افسران کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بھٹناگر نے کہا کہ ہم نے اس بات کو یقینی بنانے میں ایک طویل فاصلہ طے کیا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص امید اور اعتماد کے ساتھ ایک نتیجہ خیز زندگی گزارے اور اس لئے یہ ہمارا پختہ عزم ہونا چاہئے کہ ہم متاثرہ افراد کو ہر ممکن ہینڈ ہولڈنگ فراہم کریں گے اور انہیں معمول کی زندگی گزارنے میں مدد کریں گے۔اس پروگرام کے موضوع پر بات کرتے ہوئے مشیربھٹناگر نے کہا کہ تھیم مساوات اور انسانی حقوق کے پیغام پر زور دیتا ہے اور اس لئے ہمیں اس بیماری سے جڑے بدنما داغ کو دور کرنے کیلئے پرعزم ہونا چاہئے تا کہ متاثرہ افراد ٹیسٹ اور علاج کیلئے آگے آئیں ۔ مشیر بھٹناگر نے کہا ’’ اس بیماری کے پھیلاؤ کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے جُڑی بدنامی کو کم کرنے میں طلباء کا بہت بڑا کردار ہے ۔ ‘‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم بھوپندر کمار نے کہا کہ جب ایڈز کی بات آتی ہے تو صحت کی دیکھ بھال تک رسائی ایک چیلنج ہے اور اس لئے ایڈز سے متاثرہ افراد کے مسائل سے نمٹنے کے دوران صحت کی دیکھ بھال تک سستی اور مساوی رسائی ہمارا بنیادی عزم ہونا چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت آگاہی اور صحیح طریقے سے متاثرہ افراد کا علاج کیا جائے تو اس بیماری کا کافی حد تک مقابلہ کیا جا سکے گا ۔ پروگرام کے دوران مشیربھٹناگر نے جے کے اے سی ایس کے ایس او سی ایچ پورٹل کو بھی ای لانچ کیا جو مریضوں کے بہتر انتظام کے ساتھ ساتھ صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا ۔ مشیر نے بچوں میں بیبی کٹس اور دیگر ذاتی حفظان صحت کی مصنوعات بھی تقسیم کیں ۔