مسلسل بارشوں سے ناگسینی کشتواڑ میں کچا مکان منہدم بصارت سے محروم3بھائی لقمہ ٔاجل، ماں بہن زخمی

پہاڑی ضلع میں3روزکے دوران مختلف ناگہانی واقعات میں 14افراد جاں بحق

عاصف بٹ

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ ناگسینی کے انجنہ گائوں میں دوران شب پیش آئے دلدوز واقعہ میں بصارت سے محروم 3 بھائیوں کی موت واقع ہو گئی جبکہ ماں و بہن کو زخمی حالت میں بچالیاگیا۔ یہ واقع ضلع ہیڈکوارٹر سے40 کلومیٹر دور ناگسینی کے پولر انجنہ گائوں میں گزشتہ شب ساڑھے گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔ تین نابینابھائی، اپنی بہن اور والدہ کیساتھ سوئے ہوئے تھے جس کے دوران کی ان کا مکان منہدم ہو گیا ۔

 

 

انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع بھر میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بارش ہورہی ہے جسکے سبب رہائشی مکان منہدم ہو گیا۔ مکان میں 5 افراد موجود تھے جن میں سے تین معذوربھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ انکی ماں و بہن کو مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کے دوران زخمی حالت میں بچا لیا۔متوفین کی شناخت پلر کشتواڑ کے رہائشی ساجن کمار (عمر 28)، راجیش کمار (عمر 30) اور رویندر کمار (عمر 32) کے طور پر کی گئی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایاکہ فوری طور ریڈکراس سے فوت ہوئے افراد کے حق میں 25 پچیس ہزار روپے فراہم کئے گئے جبکہ انہیں دیگر گھریلو سامان بھی فراہم کیا گیا ۔ایس ڈی آر ایف کے تحت انہیں مکان کیلئے انہیں چار لاکھ دیجائیگی۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ انکی مکمل امداد کی جائیگی۔ انتظامیہ نے عوام سے احتیاتی تدابیر پر عمل کرنے کو کہا تاکہ حادثات سے بچاجاسکے۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین روزکے دوران ضلع میں رونما ہونے والایہ تیسرا واقع ہے۔ اس سے قبل سڑک پر پھسلن کے سبب ڈنگڈور میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں 7 افراد کی موت جبکہ3 زخمی ہوئے۔اگلے روز کیشوان کے جنگلات میں درخت گرنے کے نتیجے میں4 خانہ بدوش اہل خانہ کی موت واقع ہوئی ۔