مزید خبریں

اننت ناگ میں چیک بائونس معاملہ
۔6سال بعد فیصلہ،6ماہ قید اور 9لاکھ روپے جرمانہ
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ کی مقامی عدالت نے چیک باونس معاملے میں ایک شخص کو 6 ماہ قید اور متاثرہ شخص کو 9 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔منصف جج ڈورو لکشے بڈیال نے 6 سال پرانے چیک باؤنس معاملے میں متاثرہ شخص عبدالعزیز بٹ ولد عبدالغنی بٹ ساکن ویری ناگ کو بڑی راحت دیتے ہوئے ملزم محمد الطاف میر ولد غلام نبی میر ساکن اننت ناگ کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 6 ماہ قید اور متاثرہ شخص کو 9 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔متاثرہ شخص کے وکیل محمد اقبال میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ‘یہ دراصل لین دین کا معاملہ ہے متاثرہ شخص کو پیسے واپس کرنے تھے، لیکن انہوں نے چھ لاکھ روپے مالیت کا ایک ایسا چیک دیا جو باونس ہوگیا’۔انہوں نے مزید کہا ’’ 2016 میں متاثرہ نے عدالت سے رجوع کیا۔ کئی سال بعد مجسٹریٹ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو سزا سنائی۔

 

بڈگام میں ایمپلائزپرائوڈنٹ فنڈآرگنائزیشن کاجانکاری پروگرام
نجی اداروں اور سرکاری محکموں کے سبھی عارضی ملازمین کوپنشن اسکیم کے دائرے میں لانے پرزور
بڈگام//ایمپلائزفنڈآرگنائزیشن جموں کشمیرولداخ نے ضلع انتظامیہ بڈگام کے اشتراک سے بدھ کو ایک جانکاری کیمپ کااہتمام کیاجس میں ایمپلائزپرائوڈنٹ فنڈایکٹ1952اوراس کے تحت مختلف اسکیموں کے علاوہ مختلف اداروں اور نجی تنظیموں کے ساتھ کام کرنیوالے ملازمین کے اندراج عمل اور انشورنس کے بارے میں جانکاری دی گئی۔پروگرام میں سیاحت،تعلیم ،صحت عامہ،زراعت،باغبانی،محنت،تعمیرات عامہ ،جل شکتی وغیرہ محکموں کے ضلع حکام نے حصہ لیا۔ پرائوڈنٹ فنڈکمشنر رضوان الدین نے مختلف اسکیموں کے تحت اہل ملازمین کو انشورنس اور مختلف پنشن اسکیموں کے دائرے میں لانے پرزوردیا۔انہوں نے تمام محکموں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ بلواسطہ یابلاواسطہ کام کررہے سبھی عارضی ملازمین اوربیرونی ذرائع سے ٹھیکے پرحاصل کئے گئے ملازمین کوان اسکیموں کے دائرے میں لائیں ۔انہوں نے سامعین کو ایمپلائزپرائوڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن کے پورٹل پرآن لائن رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ کمشنرنے کہا کہ مختلف محکموں کے ساتھ کام کررہے ٹھیکہ داروں کوبھی ایمپلائزپروڈنٹ فنڈ اورایم پی ایکٹ1952کے تحت اندراج کراناچاہیے تاکہ ضرورت کے وقت ان کے سماجی تحفظ کویقینی بنایاجائے اور انہیں مالی طور فائدہ بھی حاصل ہو۔

 

پینے کے پانی کی عدم دستیابی
فتح گڈ ھ بارہمولہ میں لوگوں کو مشکلات
فیاض بخاری
بارہمولہ// فتح گڈھ بارہمولہ میںپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مقامی آبادی کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مسجد ابراہم محلہ اور آستان پورہ کے لوگوں کو گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کی قلت سے کافی پریشانیوں کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں نے جل شکتی محکمہ پر الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے انہیں پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا جارہا ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ ایک مقامی شہری پرویز احمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پانی کی قلت سے وہ پریشان ہیں اور طویل عرصے سے پانی کی قلت کی وجہ سے ہر روز ان دیہات کی خواتین کو پینے کا پانی حاصل کرنے کیلئے دور پیدل سفر کر کے ایک گندے نالے سے پانی لانا پڑتا ہے۔لوگوںکا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہوں لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر پینے کے صاف پانی کے حوالے سے اقدامات کریں تاکہ انہیں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔

ٹھیون کنگن میں آگ
رہائشی مکان خاکستر
غلام نبی رینہ
کنگن//گاندربل ضلع کے گجر پتی ٹھیون کنگن میں آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا ۔ معلوم ہوا کہ گجر پتی ٹھیون کنگن میں بدھ کی صبح شفیقہ بانو زوجہ مرحوم غلام احمد ٹنڈا کے دو منزلہ رہائشی مکان میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور فائر سروس کے اہلکار وہاں پہنچ گئے اور آگ بجھانے میں جھٹ گئے تاہم آگ کی اس واردات میں رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے۔

باغ مہتاب میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ
ارشاد احمد
سرینگر//باغ مہتاب اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ سے بچے، خواتین اور بزرگ عدم تحفظ کا شکار ہوئے ہیں۔باغ مہتاب سے مقامی وفد نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہر گلی کوچے میں درجنوں آوارہ کتے ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے گھروں سے باہر نکلنا آبادی کے لئے کسی خطرے سے خالی نہیں ۔ بزرگ افراد کا عشاء اور فجر کی نمازیںمساجد میں ادا کرنے سے خوف محسوس ہوتاہے۔ انہوں نے سرینگر کی حدود میں کتوں کی آبادی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ صبح اورشام کے اوقات میں لوگوں نے گھروں سے باہر نکلنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ مقامی آبادی نے سرینگر میونسپل کارپوریشن سے اپیل کی ہے کہ آوارہ کتوں کا کچھ بندوبست کرکے انہیں اس پریشانی سے نجات دلائیں ۔

مولانا ہمدانی کی ربیع الاول پرمبارکباد
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ربیع الاول کے آغاز پر عالم اسلام خصوصاً کشمیر کے فرزندان توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ قرآن و حدیث کی تعلیم پر چل کر زندگی گزاریں کیونکہ اس میں ہماری کامیابی اور فتح ونصرت کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فخر موجودات اور سرورِ کائنات پیغمبر آخر زمانؐ کے یوم ولادت باسعادت کے بابرکت اور مقدس مہینے کی بارہویں تاریخ کو ہوئی اور پوری کائنات میں اس مہینے کے آغاز میں محفل میلاد نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ آراستہ کی جاتی ہے۔ ان ایام کے دوران درود اذکار ، ختمات المعظمات ، مولود خوانی اور سیرتی مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں سیرت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا اور ریاست کے لوگوں کی باعزت آزادی کیلئے بھی دعا کی۔

’اپنے بزرگوں کو جانئے‘
گرلز مڈل اسکول اونہ گام بانڈی پورہ کامنفرد پروگرام جاری
سرینگر//یو این آئی// بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے بزرگوں کی صحبت سے فیضیاب ہونے کے لئے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول اونہ گام نے ایک منفرد پروگرام شروع کیا ہے۔یہ وادی کشمیر کے تعلیمی منظر نامے پر نمودار ہونے والا غالباً اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔سال رواں سے ہی شروع کئے جانے والے ’اپنے بزرگوں کو جانئے‘ نامی اس پروگرام کے تحت بچوں کی اپنے علاقے کے بزرگوں کے ساتھ ملاقات کرائی جاتی ہے تاکہ بچے ان کے تجربات سے مستفید ہوسکیں اور بزرگ بھی احساس محرومیت کے شکار نہ ہوسکیں۔مذکورہ اسکول نے اب تک اس سلسلے میں قریب ایک درجن بزرگوں، جو ابھی خود چلنے پھرنے کے قابل ہیں، کو اپنے اسکول میں مدعو کرکے ان کو طلبا سے رو برو کرایا۔جن بزرگ شخصیتوں نے اب تک اسکول میں آکر بچوں کو اپنے زریں خیالات اور تجربات سے بہرہ ور کیا ان میں معروف اساتذہ چمن لال بٹ، محمد یوسف صوفی اور غلام نبی زاہد خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔مذکورہ پروگرام کے تحت ملاقاتوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مذکورہ اسکول کے طلبا اپنے علاقے کے ایک اور معروف بزرگ کے دولت خانے پر حاضر ہوگئے۔جوں ہی بچوں نے اپنے اساتذہ کے ہمراہ اس بزرگ کی دہلیز پر قدم رکھا تو سامنے صاف و شفاف لباس میں ملبوس ایک بزرگ شخص کو دیکھا جن کے سر پر سفید رنگ کی رومی ٹوپی تھی جس نے ان کی بزرگانہ شخصیت میں مزید چار چاند لگا دئے تھے۔قدیم فن تعمیر کی یاد گار والے اپنے سہہ منزلہ مکان کی سیڑھیوں سے اس بزرگ کو اترتے دیکھ کر بچوں اور اساتذہ کے لوح ذہن پر کبھی اس مکان کی عظمت رفتہ کی تصویریں رقص کر رہی تھیں تو کبھی اس با وقار و با رعب انسان کی عظمت کا احساس طاری ہوجاتا تھا۔سکولی وردی میں ملبوس چھوٹے چھوٹے بچوں کو دیکھ کر اس بزرگ کے چہرے پر مسکراہٹ کے شگوفے پھوٹے اور جوں بچے ان کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لئے آگے بڑھے تو ان کی آنکھیں خوشی سے چمک اٹھیں۔یہ بزرگ بانڈی پورہ سے دو کلو میٹر دور اونہ گام کے باری سے تعلق رکھنے والے غلام احمد بٹ تھے۔موصوف سال 1929 میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم مقامی مکتب سے ہی حاصل کی۔ آٹھویں جماعت کا امتحان مڈل اسکول بانڈی پورہ، جو اْس وقت نو پورہ میں واقع تھا، سے پاس کیا۔غلام احمد بٹ خدا دا ذہنی صلاحیتوں سے بہرہ ور تھے اور امتحانات میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے کی بنا پر اس وقت مہاراجہ ہری سنگھ کی سرکار نے انہیں دو روپیے کے وظیفے سے نوازا تھا۔ان کے والد اپنے زمانے کے مشہور شکاری تھے اور انگریزی افسران کے ساتھ ان کے روابط تھے جو جنگلی جانوروں کی شکار کے لئے وقتاً فوقتاً کشمیر آیا کرتے تھے۔اپنے بیٹے کی صلاحیتوں کو بھانپ کر انہوں نے اس کا داخلہ فتح کدل سری نگر میں واقع بسکو اسکول میں کرایا۔غلام احمد بٹ نے دسویں جماعت کا امتحان اسی اسکول سے پاس کیا ان دنوں یہ امتحان لاہور یونیورسٹی کی زیر نگرانی منعقد ہوا کرتا تھا۔انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے ایس پی کالج سری نگر میں داخلہ لیا لیکن تقسیم بر صغیر کے نتیجے میں پیدا شدہ حالات اور اس دوران والد کے انتقال نے ایک ہونہار طالب علم کے زندگی کا رخ ہی بدل دیا۔دریں اثنا اس اسکول کے ہیڈ ماسٹر جاوید جواد نے اس پروگرام کے اہداف و مقاصد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد جہاں بچوں کو اپنے بزرگوں سے متعارف کرکے ان کی علمی صلاحیتوں اور زندگی کے دوسرے بیش بہا تجربات سے بہرہ ور کرنا ہے وہیں بزرگوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ سماج میں ان کی قدر و قیمت برابر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے اب تک قریب ایک درجن بزرگ اساتذہ جن میں پنڈت برادری سے وابستہ استاد بھی شامل تھے اور جو چلنے پھرنے کے قابل تھے، کو اپنے اسکول میں مدعو کیا۔مذکورہ ہیڈ ماسٹر نے کہا: ’معروف اساتذہ چمن لال بٹ، محمد یوسف صوفی اور غلام نبی زاہد نے اسکول میں تشریف لاکر نہ صرف بچوں کو اپنی زندگی کے بیش قیمتی تجربات سے مستفید کیا بلکہ نصابی اسباق کے حوالے سے بھی ان کو فیضیاب کیا‘۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بزرگوں اور بچوں کے آپس میں گل مل جانے سے جہاں بزرگوں کے دل و دماغ پر بہار کی شادمانیاں سایہ فگن ہو جاتی ہیں وہیں بچے بھی اپنی زندگی کو صحیح سمت دینے کے اہل بن جاتے ہیں۔

بانڈی پورہ میں خاتون منشیات فروش گرفتار:پولیس
سرینگر//یو این آئی//پولیس نے بانڈی پورہ میں ایک منشیات فروشی کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بانڈی پورہ پولیس نے پوشہ بیگم ساکن وارڈ نمبر 5 بانڈی پورہ نامی ایک خاتون کو گرفتار کیا گیاجو سال رواں کے 25 اگست کو خورشید احمد وزاہ عرف منڈیلہ ساکن وارڈ نمبر 5 بانڈی پورہ کے گھر پر چھاپہ پڑنے کے دوران بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی تھی اور اس کے بعد فرار تھی۔ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایس ایس پی بانڈی پورہ نے اس کی تلاش کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ منگل کی صبح بانڈی پورہ تھانہ کی مختلف ٹیموں نے علاقے میں مذکورہ خاتون کی موجودگی کے بارے میں اطلاع حاصل کرنے کے بعد کارروائیاں عمل میں لائیں۔بیان کے مطابق پولیس کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور مذکورہ خاتون کو گرفتار کیا۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدہ منشیات فروش کو بانڈی پورہ عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

لڑی پہلگام میں سڑک کی حالت خستہ
لوگوں کا عبور و مرور دشوار،حکام سے مداخلت کی اپیل
سرینگر //جنوبی ضلع اننت ناگ کے لڑی پہلگام کی سڑک انتہائی خستہ ہونے کے نتیجے میں اس سڑک پر لوگوں کا عبور ومرور دشوار بن گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کی جانب سے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے بار بار گزارش کرنے کے بعد بھی سڑک کی مرمت کا کام ہاتھ میں نہیں لیا جارہا ہے۔سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں اورلوگوں کا عبور و مروردشوار بن گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک کی مرمت کے سلسلے میں اگرچہ متعلقہ محکمہ کے ذمہ داروں سے کئی باربات کی گئی اور انہیں سڑک کی مرمت کیلئے بار بار گزارش کی گئی لیکن لوگوںکی درخواست پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا ۔ لوگوںنے کہا کہ اس وقت اگرچہ موسم بہتر ہے تاہم بارش اور برفباری کی وجہ سے اس سڑک پر قریب چار انچ کیچڑ جمع ہوتا ہے اور لوگ ان دنوں اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل پارہے ہیں ۔لوگوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب یہاں پر رہنے والے لوگوں کے رشتہ دار بھی یہاں آنا پسند نہیں کرتے اور نہ ہی اس خستہ حال سڑک پر گاڑی چلانا ممکن بن جاتا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تکلیف اْس وقت ہوتی ہے جب کسی مریض کو ہسپتال پہنچانا مطلو ب ہوتا ہے کیوں کہ سڑک خستہ ہونے کی وجہ سے مریض کو پیدل ہی ہسپتال تک پہنچایا پڑتا ہے۔ لوگوں نے اس ضمن میں حکام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ سڑک پر فوری طور پر تجدید و مرمت کا کام شروع کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات کاازالہ ہوسکے۔ سی این آئی

نوجوان صحافی بلال مولوی کی والدہ فوت
پرویز احمد
سرینگر //بلال احمد مولوی ڈیسک ایڈیٹر سی این آئی کی والدہ اور اہلیہ مرحوم عبدالقدوس مولوی ساکن سنگہ باغ،باغ جوگی لنکر رعناواری سرینگر طویل علالت کے بعد بدھ وار کی صبح ا انتقال کرگئیں۔ جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین اشتیاق بیگ اور ادارہ ہفتہ روزہ کشمیر انفونے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔اشتیاق بیگ کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں بلال مولوی کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی۔

ڈاکٹر محبوب بیگ کے برادر نسبتی فوت
محبوبہ مفتی سمیت پارٹی قیادت کا اظہارتعزیت
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے پارٹی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محبوب بیگ کے برادر نسبتی ڈاکٹر محمد اشرف درانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر درانی کو ایک نیک شخص قرار دیا۔محبوبہ نے کہا ’’میرے خیالات اور دعائیں دکھ کی اس گھڑی میں ڈاکٹر بیگ اور سوگوار خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ہیں۔ میں مرحوم کی روح کیلئے ابدی سکون اور سوگوار خاندان کی ہمت کے لیے دعا کرتی ہوں‘‘۔دریں اثناء پارٹی کی اعلیٰ قیادت بشمول سینئر نائب صدر عبدالرحمان ویری، نائب صدر چودھری عبدالحمید، جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ غلام نبی لون ہانجورہ، نعیم اختر، سرتاج مدنی،عبدالحق خان، آسیہ نقاش، صوفی عبدالغفار، فاروق اندرابی، ظہور احمد میر،پارٹی کے چیف ترجمان سید سہیل بخاری، ریاستی سکریٹریز عبدالحمید کوشین اور حاجی غفار، محی الدین وچی، پی اے سی ممبرایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ، ضلع صدر شوپیاں اعجاز احمد میر، عبدالمجید میر، گلزار احمد ڈار، عبدالسلام ریشی، حاجی پرویز احمد، ڈاکٹر علی محمدنے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔پارٹی رہنماؤں کے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے درانی ہاؤس 145 راولپورہ صنعت نگر جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نشہ مکت بھارت ابھیان
کمیسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا سوپور میںبیداری پروگرام
غلام محمد
سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے کمیسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بدھ کو منشیات کے استعمال کے خلاف ایک روزہ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بیداری پیدا کرنے کے لیے سوپور اور رفیع آباد کے مختلف علاقوں کے اس برادری کے لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر نگہت جبین مہمان خصوصی تھیں۔ ان کے علاوہ اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر بارہمولہ ریما غزالہ، ڈرگ انسپکٹر سوپور شبیر احمد، طلبہ اور سب ڈویژن سوپور کے دوافروشوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مقررین نے شرکاء بالخصوص طلباء پر زور دیا کہ وہ معاشرے سے اس لعنت کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جموںکشمیرمیں منشیات کا استعمال خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے اور اس لعنت سے لڑنے میں ہر ایک کو آگے آنے اور اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے موجودہ دور کے بچوں کی اخلاقی تعلیم کی ضرورت پر زور دیا اور والدین اور اساتذہ دونوں سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے کسی بھی معاشرتی برائی کا شکار نہ ہوں اور طلباء برادری پر زور دیا کہ وہ پڑھائی پر توجہ دیں اور اس میں حصہ لیں۔اس موقع پر سوپور کے کئی سماجی کارکنوں نے منشیات کے استعمال کے اسباب، اثرات اور روک تھام کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے معاشرے میں منشیات کے استعمال کی بڑھتی ہوئی شرح پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن سوپور الطاف احمد صوفی نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

ڈپٹی کمشنر بڈگام کا گاؤں کی سطح پر مہم شروع کرنے پر زور
بڈگام// ڈپٹی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد نے ضلع بھر میں ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ کے تحت منشیات کے خلاف گاؤں کی سطح پر جارحانہ مہم شروع کرنے پر زور دیا۔انہوں نے یہ بات کانفرنس ہال بڈگام میں ضلع میں نشہ مکت بھارت ابھیان کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔شروع میں ڈی سی نے محکمہ سماجی بہبود کے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ منشیات کی ابتدائی علامات کی نشاندہی پر ایک تربیتی کم بیداری پروگرام منعقد کریں، جہاں تمام آشا کارکنوں کو اپنے گاؤں میں گھر گھر مہم چلانے کے لیے تربیت دی جائے گی تاکہ والدین اور دیگر لوگوں کو بیدار کیا جا سکے۔ شناخت اور کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں اسٹیک ہولڈرز۔DSWO، جسے پروگرام کے لیے نوڈل افسر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، کو ہدایت کی گئی کہ وہ مؤثر نتائج کے لیے جارحانہ مہم چلانے کو یقینی بنائیں۔انہیں متعلقہ محکموں کے وسائل کے افراد کا بندوبست کرنے کا کام سونپا گیا تھا جو پروگرام کے دوران اس موضوع پر غور و خوض کریں گے۔نچلی سطح پر منشیات کے استعمال پر قابو پانے پر زور دیتے ہوئے، ڈی سی نے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ تمام اسکولوں میں آگاہی کیمپ منعقد کریں اور متعلقہ معلومات کو پھیلانے کے لیے باقاعدگی سے اساتذہ-والدین کی میٹنگیں کریں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو اینٹوں کے بھٹوں سمیت تمام کمزور گروہوں پر کڑی نظر رکھنے اور منشیات کے خلاف موثر نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی سی نے کہا کہ منشیات سے پاک بڈگام کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے عوام کی مستقل معلومات اور تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں فی گاؤں 10 رضاکاروں کا ایک گروپ بنایا جائے گا۔

سنٹرل یونیورسٹی میں آگاہی پروگرام
گاندربل//منشیات کے غلط استعمال کے خلاف بیداری پھیلانے کے لیے، محکمہ طلبہ کی بہبود (DSW) اور ہیلتھ سنٹر، سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے چیف میڈیکل آفیسر، گاندربل کے تعاون سے اور IMHANS-K، ریڈیو کے تعاون سے چنار، 90.4 ایف ایم، اور گائیڈ دی پروفیشنلز (جی ٹی پی) نے بدھ کو یہاں یونیورسٹی کے گرین کیمپس میں نشہ مکت بھارت ابھیان (NMBA) کے بینر کے تحت انسداد منشیات بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ، رجسٹرار، پروفیسر ایم افضل زرگر، فائنانس آفیسر اور ڈین ڈی ایس ڈبلیو، ڈاکٹر معراج الدین شاہ، ڈی ایس پی، گاندربل غلام حسن، ڈی سی ایم او، گاندربل، ڈاکٹر نگہت یاسمین، کنسلٹنٹ IMHANS۔ ڈاکٹر ساجد محمد وانی، ڈی ایچ گاندربل سے ڈاکٹر عمر جان، پرنسپل، دارالعلوم گاندربل کے مفتی عامر سہیل، کلینیکل سائیکالوجسٹ افشانہ، نوڈل آفیسر، ڈی ایچ گاندربل، ڈاکٹر سہیل، سی ای او، جی ٹی پی، صبا بٹ، فیکلٹی ممبران، سینئر عہدیداران اور یونیورسٹی کے طلباء بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال خاص طور پر نوجوانوں میں انتہائی تشویشناک ہے اور اس پر حکومت کے اعلیٰ افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ماہرین تعلیم اور شہریوں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ . انہوں نے کہا کہ’’منشیات کی لت نہ صرف افراد کی صحت پر بلکہ سماجی تانے بانے پر بھی نقصان دہ اثر ڈالتی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وادی میں منشیات کی لت کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اور فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار، پروفیسر ایم افضل زرگر نے کہا کہ منشیات کی لت میں ملوث افراد کو تمام ڈاکٹروں، کونسلرز اور ان کے متعلقہ خاندانوں سے ہاتھ ملانے کی ضرورت ہے۔’’منشیات کے استعمال میں ملوث افراد کو بدنام نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہیں اس لعنت سے باہر آنے کے لیے معاشرے اور ان کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور مدد کی ضرورت ہے‘‘، پروفیسر زرگر نے کہا۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں خاص طور پر نوجوانوں میں بیداری پیدا کریں تاکہ کشمیر منشیات سے پاک ہو سکے۔ڈی ایس پی گاندربل غلام حسن نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح متاثرین منشیات کی لعنت کا شکار ہوتے ہیں اور اس سے نمٹنے کے لیے پولیس کے اقدامات۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔فائنانس آفیسر اور ڈین ڈی ایس ڈبلیو، ڈاکٹر معراج الدین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر میں نشے سے نجات کے علاج کے خواہاں لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

 

دون انٹرنیشنل سکول میں کوئز مقابلہ
سرینگر شہر کے معروف سکولوں کی شرکت
سرینگر//تاریخ اس حقیقت کو دیکھتی ہے کہ عقلمند اور باشعور انسانوں نے تہذیبوں کے سفر کے دوران کسی نہ کسی شکل میں علم کا اشتراک کیا ہے۔بدھ کو ایسی ہی ایک جھلک دیکھنے کو ملی جب دون کا انٹر اسکول کوئز مقابلہ منعقد ہوا۔ مقابلے میں ڈی پی ایس بڈگام، ڈی پی ایس سرینگر، آرمی پبلک اسکول، میلنسن، ٹنڈیل بسکو، کشمیر ہارورڈ، کشمیر ویلی، گرین ویلی اور ہمارے اسکول، دون۔ انٹرنیشنل اسکول نے شرکت کی۔ چیئرمین شوکت حسین خان نے تمام سکولوں کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور ان میں علم حاصل کرنے کی خواہش پیدا کی۔انہوں نے کہا کہ علم اور معلومات کو جمع کریں اور اسے انصاف کے ساتھ منتشر کریں۔ اس دن کے تین بڑے مہمانوں میں ممتاز ماہر تعلیم طارق احمد، بارہمولہ کالج میں انگریزی کی پروفیسر آسیہ نذیر،ریڈیو95.0ایم ایم کے ریڈیو جاکی مرسل تھے۔ ان مہمانوں نے اپنے خطاب میں سامعین کو قیمتی نصیحتیں کیں۔دون انٹرنیشنل اسکول کے ولموٹ ونگ کے ڈائریکٹر محفوظ اسلم مہمان کوئز ماسٹر تھے اور اسکول کے عملے کی دو کوئز مالکن کے ساتھ۔انٹر اسکول کوئز کے نتائج یہ تھے: میلنسن گرلز اسکول نے ٹرافی اٹھائی۔ ڈی پی ایس بڈگام نے دوسری اور دون انٹرنیشنل تیسری پوزیشن حاصل کی۔

غیر قانونی کان کنی اور نقل و حمل
شوپیان ،بانڈی پورہ اور بڈگام میں 10گاڑیاں اور3کشتیاں ضبط
شوپیان+بانڈی پورہ+بڈگام// شوپیان میں خاص طور پر رمبی آراء سے غیر قانونی کان کنی پر قابو پانے کے لیے، ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) شوپیان، سچن کمار ویشیا نے بدھ کو صبح کے اوقات میں ضلع کے کیگام تحصیل میں اچانک چھاپے مارے۔چھاپوں کے دوران ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں متعلقہ محکموں کے اہلکاروں نے خام مال کی غیر قانونی کان کنی اور نقل و حمل میں ملوث دو جے سی بی، دو ٹپر اور ایک ایل این ٹی ضبط کیا۔غیر قانونی کان کنی کے لیے زیرو ٹالرینس کے تحت ڈی ایم نے اپنی ٹیم کے ساتھ تحصیل کیگام کے مختلف علاقوں میں یہ چھاپے مارے۔ڈی ایم نے کہا، “ہم غیر قانونی کان کنی پر روک لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جو صبح کے اوقات میں اور شام کے وقت ہو رہی ہے،” ڈی ایم نے کہا، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک خطرہ ہے اور ضلع انتظامیہ قانونی سختی کے ساتھ اس لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ویشیا نے کہا کہ ضلع میں غیر قانونی کانکنی کو روکنے کے لیے متعلقہ محکموں کو چوکس کر دیا گیا ہے اور عوامی وسائل کو بچانے کے لیے محکموں کے اہلکاروں کو ذمہ دار ٹھہرانے کے ساتھ معائنہ کرنے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈی ایم نے اس بات پر زور دیا کہ تمام غیر قانونی کان کنی کے معاملات کو قواعد کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا اور خلاف ورزیوں کے خلاف تیز رفتار بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔اس دوران ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر تحصیلدار سنبل کی نگرانی میں محکمہ ریونیو، پولیس اور کان کنی کی مشترکہ ٹیموں نے بدھ کی صبح شادی پورہ، ونگی پورہ اور شلوت علاقوں میں اچانک چھاپے مارے۔ دریائے جہلم سے ریت کے غیر قانونی اخراج کو روکا جائے۔حکام نے بتایا کہ غیر قانونی نکالنے سے دریائے بند کو نقصان پہنچ رہا ہے اور سیلاب کے وقت خطرے میں اضافہ ہو رہا ہے۔چھاپوں کے دوران 3 کشتیاں اور 4 گاڑیاں قبضے میں لینے کے علاوہ لاکھوں مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی اور ریت نکالنے پر پابندی ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔معدنیات کی غیر قانونی نکالنے اور نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے بڈگام میں ایک شخص کو گرفتار کیا اور ایک گاڑی ضبط کی۔چاڈورہ کی پولیس پارٹی نے ماگرے پورہ چاڈورہ میں غیر قانونی طور پر نکالی گئی مٹی سے لدے 1 ڈمپر کو روکا، جسے اس نے ماگرے پورہ میں سرکاری زمین سے نکالا تھا۔ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا اور ڈمپر بھی موقع پر قبضے میں لے لیا گیا۔ گرفتار ڈرائیور کی شناخت سہیل عباس صوفی ساکن رکھ شالنہ ٹینگن کے نام سے ہوئی ہے۔اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 162/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ چاڈورہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔