مزید خبریں

سنت پورہ ڈیرہ ننگالی صاحب میں پسی گرآئی
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوراں پونچھ کے سنت پورہ ڈیرہ ننگالی صاحب میں پسی گرنے سے بھاری نقصان ہوا ہے،جس کو لیکر مقامی شہریوں اور اس آستان سے عقیدت رکھنے والے عقیدتمندوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے وہاں تباہ ڈھانچے کی تعمیر نوکیلئے ضلع انتظامیہ سے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک متبرک جگہ ہے جہاں سے لوگوں کی عقیدتیں جڑی ہوئی ہے وہاں پر نقصان پہنچنے کے بعد ابھی تک کوئی بھی انتظامیہ کا افسر نہیں پہنچا جو نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ پسی گرنے سے ڈیڑھ ننگالی صاحب میں جہاں نقصان ہوا ہے اس سڑک کی فوری مرمت کی جائے اور وہاں پڑے ہوئے ملبے کو فوری اٹھایا جائے۔انہوں نے کہا محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ابھی سے عوام کی راحت رسانی کیلئے فوری اور جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ اس دوران سنت پورہ ڈیرہ ننگالی صاحب گوردوارہ کی انتظامیہ کمیٹی کے ممبران نے اپنی مدد آپ کر کے وہاں ملبہ اٹھانے کا کام شروع کر دیا۔

آفیسرس ایسوسی ایشن کا وفد ڈی سی سے ملاقی
عشرت حسین بٹ
منڈی// سکول ایجوکیشن آفیسرس ایسوسی ایشن ونگ ضلع پونچھ کے ایک وفد نے جمعرات کو ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کر کے اپنے مطالبات کے حوالے سے ایک یاداشت نامہ پیش کیا تاکہ ضلع ترقیاتی کمشنر اسے اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کے مطالبات کو حل کروایں۔ یاداشت نامہ میں انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ZEOs کے معاملے میں 2008 اور ہیڈ ماسٹرز کے معاملے میں 2012 کے بعد سے ان کے مخصوص کیڈر کیلئے محکمے کی طرف سے کوئی DPC اجلاس نہیں بلایا گیا ہے یاداشت نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ CAT کے فیصلے اور 2018 کے SAC کے فیصلے کو بھی سرکار کی جانب سے نافذ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سبکدوش افسران سروس کے فوائد حاصل کئے بغیراس دارِفانی سے جاچکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ان سے کئی جونیئر لیکچرار کیڈر کے پرنسپلز کو پرنسپل کے طور پر مارچ 2021 تک مستقل کیا جا چکا ہے مگران کے کیڈر کو نظر اندازکر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کی شکایات کو تحمل سے سنا اور انہیں اس معاملے کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور متعلقہ حکام کو سفارش کے ساتھ یاداشت پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں تمام مشتمل افسران نے اتنے عرصے سے زیر التوا معاملے کو سننے اور اس طرح کے تعاون اور جواب پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے مطالبات جلد حل کئے جائیںگے۔

ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی پر سندوٹ میں تقریب
راجوری //جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے محکمہ ایجوکیشن میں ہیڈ ماسٹروں کی خالی پڑی ہوئی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے سنیئر ماسٹروں کو ترقی دے کر ہیڈ ماسٹر تعینا ت کرنے کا حکم جاری کیا ہے تاکہ جموں وکشمیر کے ہائی سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں مزید متاثر نہ ہوں ۔اس حکم نامے کے تحت مینڈھر کے سندوٹ ہائی سکول میں خالی پڑی ہوئی ہیڈ ماسٹر کی آسامی کو ایک طویل عرصہ کے بعد پُر کیا گیا ہے جس پر مذکورہ علاقہ کے لوگوں و بچوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔اس دوران مذکورہ سرکاری سکول میں تعینات نئے ہیڈ ماسڑ شوکت حسین جنجوعہ کا استقبال کرنے کیلئے سکول انتظامیہ کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سٹاف ممبران نے شرکت کی ۔غور طلب ہے کہ شوکت حسین جنجوعہ کو 33سالہ خدمات کے بعد محکمہ کی جانب سے ترقی دی کر ہیڈ ماسٹر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ان کو ترقی ملنے کے بعد ان کے آبائی علاقہ دھیری رلیوٹ کی عوام نے بھی موصوف کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

ڈاکٹروں کے قومی دن پر تقریب منعقد
جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ’نیشنل ڈاکٹر ڈے ‘کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر کی قیادت میں منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹروں و دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے مذکورہ دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس دوران شعبہ سے منسلک ڈاکٹروں کو دور پیش مسائل و مشکلات پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی گئی جبکہ ڈاکٹروں نے ملک و قوم کی خدمت کرنے کیلئے حلف بھی لیا ۔انہوں نے کہاکہ وہ تمام مسائل کے باوجود عام غریبوں کی ہر ممکن اور ہر وقت مدد کرنے کیلئے کمر بستہ ہیں ۔

تھنہ منڈی کالج میں آ ن لائن کوئز کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں شعبہ اسلامیات کے زیر اہتمام عشرہ حج کے فضائل پر ایک آن لائن کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا انعقاد کالج کے شعبہ عربی کی سربراہ ڈاکٹر نعیم النساء کی نگرانی میں کیا گیا۔ اس مقابلے کا مقصد طلباء میں اسلامی مہینے ذی الحج کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس اہم مقابلے میں یو ٹی جموں و کشمیرکے مختلف کالجوں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 50 فیصد اہلیت رکھنے والے تمام طلباء کو توصیفی اسناد و انعامات سے نوازا گیا۔

پونچھ میں آفیسران کا اجلاس منعقد کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ// رضوان الدین ریجنل پراویڈنٹ فنڈ کمشنر جموں کشمیر و لداخ اور راج شیکھر،ایس ایس ایس اے، ڈی پی ایف او علاقائی دفتر جموں نے ای پی ایف اور ایم پی ایکٹ، 1952 کے اطلاق کے بارے میں ضلع انتظامیہ پونچھ کے اشتراک سے ڈاک بنگلہ پونچھ کے کانفرنس ہال میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کئے جانے کے بعد دونوں افسران نے ملازمین کی پنشن سکیم 1995 اورای ڈی ایل آئی سکیم پر خصوصی زور دیا گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فوائد UTs میں نومبر، 2019 سے متعارف کرائے گئے ہیں۔ کمشنر نے تمام محکموں کو مذکورہ اسکیموں کے فوائد کو مختلف سرکاری محکموں کے تحت براہ راست یا بالواسطہ طور پر کام کرنے والے تمام کنٹریکٹ اور آؤٹ سورس ملازمین تک پہنچانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا سرکاری محکموں کے تحت کام کرنے والے تمام ٹھیکیداروں کو ای پی ایف اور ایم پی ایکٹ 1952 کے تحت رجسٹر کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا ضابطہ کے مطابق یہ متعلقہ افسران کا فرض اور ذمہ داری ہے کہ وہ ای پی ایف او مذکورہ محکموں کے ذریعہ مصروف ٹھیکیداروں کو رجسٹر کرنے کے لئے تیار کرے۔ انہوں نے کہا پرنسپل ایمپلائر کی رجسٹریشن کے بارے میں ای پی ایف او کی ویب سائٹ پر ایک لنک بھی فراہم فراہم کیا گیا ہے۔رضوان الدین، RPFC-1، نے EPF اور Mp ایکٹ، 1952 کی 3 اسکیموں اور فوائد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا اگر کوئی ملازم EPF کا رکن بنتا ہے تو رکن کو خود بخود پنشن اسکیم 1995 اور ایڈلی اسکیم 1976 کی رکنیت مل جاتی ہے۔انہوں نے کہااگر کوئی رکن سروس کے دوران فوت ہوجاتا ہے۔ نامزد/بیوہ/بیوہ کو 25سال کی عمر تک کے 2بچوں کے ساتھ پنشن لائف ملے گی خواہ ان کے مارشل اسٹیٹس ہوں اور نامزد کو زیادہ سے زیادہ 50ہزار روپے کا فائدہ ملے گا۔ 7. ایڈلی اسکیم کے تحت 5 لاکھ/-۔ اسکیم کے تحت رکنیت کی اہلیت کے مطابق دیگر پنشن فراہم کی جاتی ہیں جیسے ریٹائرمنٹ، قبل از وقت پنشن، معذوری پنشن، یتیم پنشن، بیوہ پنشن اور نامزد پنشن۔اس موقع پر موجود اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین نے باہر سے تشریف فرما تمام افسران کا خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں ایک پروگرام ضیاء￿ العلوم ہائی اسکول پونچھ میں نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن اور محکمہ تعلیم کے کے اشتراک سے منعقد کیا گیا جہان تمام نجی اسکولوں کو ماہانہ چندہ بھیجنے کا مشورہ دیا گیا۔ ڈی پی او سری نریندر موہن سوری نے اس پروگرام میں شرکت کی۔

ٹیلنٹ ہنٹ 2022میں پونچھ کے 6کرکٹروں کا انتخاب
حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے امن ٹورنامنٹ ٹیلنٹ ہنٹ 2022 کیلئے جموں اور کشمیر سے منتخب ہونے والے انڈر 19 پلیئرز کی فہرست کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ انڈر 19 ملٹی ڈے پرابیبل نے ان کھلاڑیوں کا انتخاب ٹرائل میچوں کے بعد کیا ہے۔ پونچھ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ جے کے سی اے نے پونچھ سے 06 کرکٹرز کا انتخاب کیا ہے۔ جموں اور سری نگر میں جے کے سی اے کی طرف سے منعقد ہونے والے امن ٹورنامنٹ کے میچوں کے لئے ضلع پونچھ کے 6 کھلاڑیوں کے منتخب ہو پر پونچھ کے سیاسی سماجی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے توحید احمد،ریتھم شرما،محمد عمران ،محمد معشوق ،سید سخاوت حسین اور محمد ساحل زلفی کو مبارک باد دی ہے۔ راہول ڈریوڈ کرکٹ اکیڈمی پونچھ کے بانی اور سینئر کوچ پرویز ملک آفریدی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام چھ کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیلنٹ ہنٹ میچوں میں تمام کھلاڑی اپنا بہتر کھیل کھیل کر اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں جے کے سی اے انڈر 19 قومی ٹیم میں کم از کم 03 کھلاڑی منتخب کئے جائیں گے۔

لورن میں اپنی پارٹی کا اجلاس
درجنوں این سی وکانگریس ورکروز کی پارٹی میں شمولیت
پونچھ//ضلع پونچھ کے بلاک لورن میں اپنی پارٹی کا ایک اجلاس سابقہ رکن اسمبلی اور اپنی پارٹی ضلع صدر پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں منعقد ہوا۔ ا س دوران نیشنل کانفرنس اور کانگریس سے وابستہ درجنوں کارکنان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ن کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے شاہ محمد تانترے نے کہاکہ الطاف بخاری کی قیادت میں اپنی پارٹی صداقت اور حقیقت پر مبنی سیاست کر رہی ہے جبکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے ہمیشہ لوگوں کو گمراہ کیا۔ انہوں نے PAGDکو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ دھوکے بازوں کا ٹولہ ہے جوکہ لوگوں کو ایکبار پھر گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ اِنہوں نے ہمیشہ جموں وکشمیر کی عوام کو دھوکے میں رکھ کر اْن کے مفادات کا سودا کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پارٹی کیڈر کو مضبوط کریں جس نے سچائی کی سیاست کی بنیاد جموں وکشمیر میں رکھی ہے ۔