مرکزی وزیر مملکت اشونی کمار چوبے کا بانڈی پورہ دورہ ماحولیاتی سیاحت کے فروغ اور تعلیمی اِداروں میں ماحولیاتی کلبوں کی تشکیل پر زور

بانڈی پورہ//مرکزی وزیر مملکت اَمورِ صارفین ، خوراک اور عوامی تقسیم اور ماحولیات و جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی اشونی کمار چوبے نے مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پرسرکاری سکیموں کی زمینی سطح پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے کل بانڈی پورہ کا دورہ کیا۔انہوں نے ولر وینٹیج پارک کا دورہ کیا تاکہ ولر کے تحفظی کاموں کا جائزہ لیا جاسکے۔

 

 

موصوف کے ہمراہ پرنسپل سیکرتری جنگلات دھیرج گپتا ، پی سی سی ایف روشن جگی ، اے پی سی سی ایف ٹی ربی کمار، کنزرویٹر آف فارسٹ نارتھ سرکل عرفان رسول وانی ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد ، ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما اور محکمہ جنگلات اور ضلع انتظامیہ کے دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر مرکزی وزیر مملکت نے زراعت ، بھیڑ و پشو پالن ، صنعت ، سماجی بہبود ، این آر ایل ایم اور بینک سمیت مختلف محکموں کے اِستفادہ کنند گان کو فلاحی سکیموں کے منظوری نامے سونپے۔اُنہوں نے طلباء میں کتابیں او رمحکمہ صحت کے اِستفادہ کنند گان میں اے بی ۔پی ایم جے اے وائی کا رد بھی تقسیم کئے ۔ مرکزی وزیرمملکت موصوف نے نچلی سطح پر سکیموں کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں اَفسران کی میٹنگ منعقد کی۔دورانِ میٹنگ مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ مرکزی حکومت ترقی کے منظر نامے کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پید اکرنے کے لئے پُر عزم ہے۔اِس موقعہ پروزیر نے ایکو۔ ٹوراِزم کے فروغ اور تعلیمی اِداروں میں ایکو۔ کلب کی تشکیل پر زور دیا۔اشونی کمار چوبے نے منی سیکرٹریٹ میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔مرکزی وزیر مملکت سے ڈی ڈی سیز ، بی ڈی سیز ، سرپنچوں ، نوجوانوں کے نمائندوں کے مختلف وفود نے ملاقات کی ۔مرکزی وزیر مملکت نے این ایچ پی سی کا دورہ کیا او رپدم شری فیصل علی ڈار کی قیادت میں طلباء اور کھیل اَفراد سے بات چیت کی۔